Follw Us on:

” سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں” حافظ نعیم الرحمان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hafiz naeem lhr
سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، حافظ نعیم الرحمان( فائل فوٹو)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، کراچی لاوارث ہو چکا ہے،عوام نے جن لوگوں کو مسترد کیا تھا، انہیں اسٹیبلشمنٹ نے فارم 47 کے ذریعے مسلط کر دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے ملیر ہالٹ پر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والی فیملی  کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا،جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملیر ہالٹ کا اندوہناک واقعہ پورے پاکستان کو ہلا کر رکھ دینے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پورے پاکستان میں امتیازی حیثیت حاصل ہے، لیکن شہریوں کو بنیادی حقوق تک نہیں دیے جاتے۔ انہوں نے کراچی میں مافیاز کے راج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ ٹینکر، ٹرالے اور ڈمپر دندناتے پھرتے ہیں، جبکہ حکومت بے بس نظر آتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثات دنیا بھر میں ہوتے ہیں، لیکن کراچی وہ بدقسمت شہر ہے جہاں شہری جاں بحق ہو جائیں تو انصاف نہیں ملتا اور مافیاز حکومتی نمائندوں کے ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبے انتہائی سست روی کا شکار ہیں۔ دیگر شہروں میں نو ماہ میں مکمل ہونے والے منصوبے کراچی میں کئی سالوں سے تعطل کا شکار ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ گرین لائن کو آٹھ سال، جبکہ ریڈ لائن کو چار سال ہو چکے، لیکن ابھی تک یہ منصوبے مکمل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ساڑھے تین ہزار ٹینکر، ڈمپر اور ٹرالر کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے کہ وہ دن دہاڑے سڑکوں پر دندناتے پھریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹینکر اور ڈمپر مالکان کو معلوم ہے کہ واقعے کے بعد ان سے کوئی باز پرس نہیں ہوگی، اس لیے وہ بلا خوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ سی ایم ہاؤس اور گورنر ہاؤس مافیاز کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملیر ہالٹ کے حادثے کے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو مافیاز کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 5 اپریل کو آئی جی آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور پورا پاکستان اس احتجاج کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ ٹینکر پانی کی فراہمی کے لیے ہیں تو پیپلز پارٹی کو جواب دینا ہوگا کہ وہ 17 سال سے کیا کر رہی ہے؟

حافظ نعیم الرحمن نے مزید اعلان کیا کہ 27 اپریل کو شاہراہِ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی حقوق ملین مارچ ہوگا، جس میں عوام کے اربوں روپے کے ٹیکس ان مافیاز سے چھین کر عوام پر خرچ کرنے اور ظالموں کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا عزم کیا جائے گا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، اور امیر ضلع ائیرپورٹ محمد اشرف بھی موجود تھے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس