عید قریب آتے ہی ملک بھر کے بازاروں میں خریداری کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، تاہم اس بار مہنگائی اور آن لائن شاپنگ کے رجحان نے روایتی بازاروں کی رونق کو متاثر کیا ہے۔
لاہور کے اچھرہ بازار میں دکانداروں اور خریداروں نے مہنگائی کے اثرات اور بدلتے خریداری کے رجحانات پر ‘پاکستان میٹرز’ بتایا کہ آن لائن شاپنگ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹوں میں وہ پہلے جیسا رش نظر نہیں آ رہا۔
ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ پہلے 70 فیصد خریدار مارکیٹ میں آتے تھے، لیکن اب یہ تعداد کم ہو کر تقریباً 60 فیصد رہ گئی ہے۔
ایک اور دکاندار نے بتایا کہ آن لائن خریداری میں سہولت زیادہ ہے، لوگ گھر بیٹھے چیزیں منگوا لیتے ہیں، لیکن بازار آ کر چیزوں کو خود دیکھنے اور پسند کرنے کا مزہ الگ ہی ہوتا ہے۔
دوسری جانب خریداروں کا کہنا تھا کہ اس سال عید کی خریداری پر مہنگائی کے سائے گہرے ہیں، کئی افراد محدود بجٹ میں خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔
ایک خاتون خریدار نے شکایت کی کہ ہر چیز کی قیمت بڑھ گئی ہے، پہلے جو شاپنگ آسانی سے ہو جاتی تھی، اب اسے مکمل کرنا مشکل ہو چکا ہے۔
تاجر برادری بھی مہنگائی کے اثرات سے پریشان ہے اور آن لائن کاروبار کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں خریداروں کو متوجہ کرنے کے لیے نئی حکمت عملی اپنا رہی ہے۔
ایک دکاندار نے بتایا کہ ہم انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب پر اپنے کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ گاہک ہم تک پہنچ سکیں۔”
اگرچہ آن لائن خریداری بڑھ رہی ہے، مگر بازاروں میں اب بھی ایسے افراد موجود ہیں جو چوڑیوں، جیولری، مالا، پونی، ہیئر بینڈ، بریڈل سیٹ اور دیگر عید کی اشیاء خریدنے کے لیے مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں۔
پاکستان میٹرز کے مطابق بدلتے ہوئے رجحانات کے باوجود بازاروں میں عید کی خریداری کا سلسلہ جاری ہے۔ آن لائن خریداری کے فوائد اپنی جگہ مگر بازاروں میں خریداری کی روایت اب بھی زندہ ہے۔