عید الفطر کی آمد پر لاہور، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق لاہور کی مارکیٹوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 1200 روپے فی کلو تک جا پہنچی، جب کہ ٹماٹر 60 روپے سے بڑھ کر 180 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔ پیاز 40 سے 60، لیموں 150 سے 250 اور سبز مرچ 110 سے 200 روپے فی کلو ہو گئی۔
شہری پھل بھی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں، جب کہ چینی کی قیمت سرکاری نرخ 164 روپے کے بجائے 170 سے 180 روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے۔
راولپنڈی میں بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی خودساختہ اضافہ ہوگیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں، صدر کے علاقے میں 35 دکاندار گرفتار، جب کہ گراں فروشی پر متعدد دکانوں کو جرمانے ہوگئے۔
کوئٹہ میں بھی مہنگائی کا زور برقرار ہے، مرغی کے گوشت کی قیمت 750 سے بڑھ کر 840 روپے فی کلو تک جا پہنچی، جب کہ بکرے کے گوشت میں 100 اور بیف میں 50 روپے کا اضافہ ہو گیا۔