ہالی وڈ کے مشہور فلم ساز ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن نے سنیما کان میں اپنی پہلی نمائش کے دوران ایک بڑا اعلان کر دیا، اسپائیڈر مین فرنچائز کی نئی فلم ‘اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے’ 31 جولائی 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔
کریٹن، جو ‘شینگ چی’ کے ہدایتکار بھی رہ چکے ہیں، نے تقریب کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے دلچسپ لمحات شیئر کیے، جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے بچے کے پہلے الفاظ ‘اسپائیڈر مین’ تھے۔ تاہم، وہ یہاں اسپائیڈر مین فرنچائز کے مستقبل پر بات کرنے کے لیے موجود تھے۔
تقریب کے دوران فلم کے نئے عنوان کو ایک دلچسپ موڑ کے ساتھ متعارف کرایا گیا۔ ٹام ہالینڈ، جو پیٹر پارکر کا کردار ادا کر رہے ہیں، نے اسکرین پر آکر مداحوں کو حیران کر دیا۔
انہوں نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم نے آپ کو ایک بڑے ہنگامے میں چھوڑ دیا تھا اور پھر اچانک فلم کے نئے نام ‘اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے’ کا اعلان کر دیا۔
یہ اعلان 2021 میں ریلیز ہونے والی ‘اسپائیڈر مین: نو وے ہوم’ کی زبردست کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے، جو عالمی سطح پر 1.95 بلین ڈالر کی کمائی کے ساتھ اب تک کی ساتویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی۔

فلم کے اختتام نے اسپائیڈی کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جب ٹام ہالینڈ کے پیٹر پارکر نے دنیا کو بچانے کے لیے اپنی شناخت ترک کر دی تھی اور اس سفر میں اینڈریو گارفیلڈ اور ٹوبی میگوائر کے اسپائیڈر مین کرداروں کی مدد لی تھی۔
اسپائیڈر مین کی چوتھی فلم کے لیے ایمی پاسکل اور مارول اسٹوڈیوز کے صدر کیون فیج بطور پروڈیوسر واپس آئے ہیں، جب کہ زندایا بھی اپنے کردار میں نظر آئیں گی۔
دوسری جانب ایک بڑی خبر یہ ہے کہ اینڈریو گارفیلڈ اس بار فرنچائز کا حصہ نہیں ہوں گے، حالانکہ پچھلی فلم میں ان کی واپسی کو ایک بڑا سرپرائز قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مداح بے چینی سے 2026 کا انتظار کر رہے ہیں، جب اسپائیڈر مین کی یہ نئی قسط سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ کیا یہ فلم بھی اپنے پچھلے حصے کی طرح کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی؟