اپریل 3, 2025 12:48 شام

English / Urdu

Follw Us on:

عید پر ادھوری خوشیاں: اولڈ ایج ہوم میں اپنوں کے انتظار میں آبدیدہ آنکھیں

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

عیدالفطر کی خوشیاں ہر کسی کے لیے مسرت اور محبت کا پیغام لاتی ہیں، لیکن بعض افراد کے لیے یہ دن تنہائی اور ماضی کی یادوں میں ڈوبے ہوتے ہیں۔ کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگ شہریوں کی عید بھی کچھ ایسی ہی تھی، جہاں انہوں نے اپنے جذبات اور تجربات کا اظہار کیا۔

اس ادارے میں مقیم ایک 68 سالہ بزرگ کا کہنا تھا کہ وہ یہاں تقریباً ڈیڑھ سال سے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے ماضی کے کراچی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے شہر کی آبادی کم تھی، ہر جگہ محبت اور اپنائیت کا ماحول تھا، لیکن وقت کے ساتھ سب کچھ بدل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ باپے بڑے ہو گئے تو ناکارہ ہو گئے، ماں بڑی ہو گئی تو اُس کے لیے بھی مشکلات پیدا ہو گئیں۔

ایک اور بزرگ شہری نے کہا کہ وہ تیرہ سال کی عمر میں ہی نوکری کرنے لگے تھے اور اب اپنے نواسوں اور پوتوں کو بڑا ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ والدین سرمایہ ہوتے ہیں اور بچوں کو چاہیے کہ ان کا خیال رکھیں۔ ماں باپ نے آپ کو بچپن میں نہیں پھینکا تو آپ بھی ان کو بڑھاپے میں تنہا نہ چھوڑیں۔

ادارے کی انتظامیہ کے مطابق یہاں رہنے والے بزرگ شہریوں کو عید کے موقع پر خصوصی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہیں عید کے روز نئے کپڑے دیے گئے، خصوصی کھانے کا انتظام کیا گیا اور ان کے اہل خانہ کو ملنے کی اجازت دی گئی۔

ایک بزرگ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹے ہر عید پر ان سے ملنے آتے ہیں، جب کہ کچھ افراد ایسے بھی ہیں جنہیں ان کے پیارے یاد تک نہیں کرتے۔

ادارے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہاں بزرگ شہریوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ انہیں میڈیکل فیسلیٹیز، موسمی ضروریات کے مطابق اشیاء اور روزانہ چیک اپ فراہم کیا جاتا ہے۔ “اگر کسی کو شگر یا بلڈ پریشر کا مسئلہ ہو تو ان کے ٹیسٹ باقاعدگی سے کیے جاتے ہیں۔”

المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگوں کا کہنا ہے کہ عید کا دن یہاں بھی خوشیوں سے خالی نہیں ہوتا، لیکن اپنے گھر کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی ہے۔ ان کا پیغام تھا کہ جوائنٹ فیملی سسٹم کو مضبوط کیا جائے اور والدین کو ان کے بڑھاپے میں اکیلا نہ چھوڑا جائے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس