برطانوی حکمران جماعت لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈین نورس کو کمسن بچوں سے جنسی زیادتی کے سنگین الزامات میں گرفتار کر لیا گیا۔
نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لندن پولیس نے رکن پارلیمنٹ ڈین نورس کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ نورس پر کم عمر بچوں سے جنسی زیادتی کا الزام ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ فریق کی جانب سے 2024 میں شکایت درج کرائی گئی تھی، تاہم الزامات کا تعلق زیادہ تر واقعات سے ہے جو سن 2000 کی دہائی میں پیش آئے۔ پولیس 2020 میں پیش آنے والے ایک اور مبینہ واقعے کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ کے شہزادے ہیری پر ہراسانی کے الزامات کیوں لگائے جا رہے ہیں؟
رپورٹس کے مطابق ڈین نورس، رکن پارلیمنٹ بننے سے قبل ٹیچر اور چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ لیبر پارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈین نورس کی جماعتی رکنیت معطل کر دی ہے، جب کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر تحقیقات مکمل ہونے تک پارٹی ان سے لاتعلقی کا اعلان کر چکی ہے۔