کراچی ایئرپورٹ پر ابوظہبی سے آنے والی خاتون مسافروں اور کسٹم اہلکاروں کے درمیان شدید جھگڑا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون مسافروں کا سامان، خصوصاً قیمتی لہنگے، کسٹم حکام نے کلیئر کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سامان کی کلیئرنس میں تاخیر اور اعتراضات کے باعث دونوں فریقین میں تلخ کلامی شروع ہوئی، جو جلد ہی ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون مسافر کسٹم اہلکاروں کو نہ صرف تھپڑ مارتی ہے بلکہ جوتوں سے بھی حملہ کرتی ہے۔
جھگڑے کے دوران کسٹم اہلکاروں اور دیگر عملے نے صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی، تاہم ایک اہلکار بھی خاتون کو تھپڑ مارتے ہوئے ویڈیو میں نظر آتا ہے۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے سرکاری اہلکار پر حملہ کیا جس پر اُسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ جھگڑے کی مکمل تحقیقات بھی جاری ہیں۔ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایئرپورٹ سیکیورٹی اور کسٹم عملے کے طرز عمل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔