میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، اب 16 سال سے کم عمر نوجوان لائیو براڈکاسٹ صرف والدین کی اجازت سے ہی کر سکیں گے۔
میٹا کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد آن لائن دنیا میں کم عمر صارفین کو درپیش خطرات سے بچانا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ پابندی انسٹاگرام کے اُن سیفٹی فیچرز کا حصہ ہے، جن کا اعلان گزشتہ سال کیا گیا تھا، جنہیں “ٹین اکاؤنٹس” کے نام سے متعارف کرایا گیا تھا۔
یہ پابندیاں صرف انسٹاگرام تک محدود نہیں، بلکہ فیس بک اور میسنجر پر بھی کم عمر صارفین کے لیے یہی اصول لاگو کیے جا رہے ہیں۔
میٹا کے فیملی سینٹر کے تحت والدین 16 سال سے کم عمر نوجوانوں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے۔ انسٹاگرام کی پبلک پالیسی کی گلوبل ڈائریکٹر تارا ہوپکنز کے مطابق یہ اقدامات نوجوانوں کی آن لائن زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ “ٹین اکاؤنٹس” فیچر متعارف ہونے کے بعد سے اب تک ساڑھے 5 کروڑ نوجوان اس پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں، جن میں سے 97 فیصد کی عمریں 16 سال سے کم ہیں۔
13 سے 15 سال کے صارفین پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن کے تحت وہ اپنی انسٹاگرام سیٹنگز میں والدین کی اجازت کے بغیر کوئی تبدیلی نہیں کر سکتے، جب کہ 16 سال یا اس سے زائد عمر کے نوجوانوں کے لیے تھوڑی نرمی رکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ میٹا نے ستمبر 2024 میں تین سیفٹی سیٹنگز متعارف کرائی تھیں، جن کے تحت کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس خودکار طور پر پرائیویٹ کر دیے گئے تھے۔
یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں، جب میٹا کو مختلف ممالک کی جانب سے کم عمر صارفین کے تحفظ میں ناکامی پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ 2021 میں میٹا نے 19 سال سے زائد عمر کے افراد کو ان نوجوانوں کو میسج بھیجنے سے روک دیا تھا جو انہیں فالو نہ کرتے ہوں۔ 2023 میں ایک نیا ٹول متعارف کرایا گیا تھا جو 18 سال سے کم عمر صارفین کو رات گئے ایپ کے استعمال سے روکتا ہے۔
اس کے علاوہ خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور ایٹنگ ڈس آرڈرز جیسے مواد تک کم عمر صارفین کی رسائی بھی محدود کر دی گئی ہے۔
جنوری 2024 میں نئی میسجنگ پابندیوں کا اطلاق کیا گیا جس کے تحت اجنبی افراد کم عمر صارفین کو میسج نہیں بھیج سکیں گے اور نہ ہی کسی گروپ چیٹ میں شامل کر سکیں گے۔