پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے لیے تیار کی گئی اپنی خصوصی شارٹ فلم ’زلمی ایکس لگیسی‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا ہے۔
اس فلم کو پشاور زلمی کی ایک دہائی پر محیط کامیابیوں، جذبے اور فرنچائز کے کلچر کی عکاسی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
یوٹیوب پر جاری کیے گئے فلم کے ٹریلر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم، نوجوان بلے باز صائم ایوب اور معروف اداکارہ ماہرہ خان کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے، جو فلم کی کہانی میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔
پشاور زلمی نے یہ ٹریلر یوٹیوب سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ’آفیشل فرسٹ لک ٹیزر‘ کے عنوان سے جاری کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے پرومو کے ساتھ پشاور زلمی نے لکھا کہ ہم اپنی مختصر فلم کا ٹیزرپیش کررہے ہیں، جو اس فرنچائز کی ایک دہائی کو واضح کرے گی۔
شارٹ فلم کے ساؤنڈ ٹریک کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے، جس میں معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ ساتھ التمش سیور، بلال آواز، مصطفیٰ کمال اور واجد لائق نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
یہ فلم نہ صرف زلمی کی کرکٹنگ کہانی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ اس کے پیچھے موجود جذبے، فین کلچر اور فرنچائز کے وژن کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
’زلمی ایکس لگیسی‘ کو کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور اسے پی ایس ایل 10 کی ایک تخلیقی جھلک قرار دیا جا رہا ہے، جو کھیل سے جڑے جذبے کو فنی انداز میں پیش کرتی ہے۔