این سی سی آئی اے حکام کے مطابق اگر کسی صارف کو یہ شبہ ہو کہ اس کا واٹس ایپ ہیک ہو چکا ہے، یا اکاؤنٹ پر اس کی رسائی ختم ہو گئی ہے، تو سب سے پہلے واٹس ایپ کو موبائل فون سے ان انسٹال کر کے دوبارہ انسٹال کریں اور اپنا نمبر دوبارہ رجسٹر کریں۔
حکام کے مطابق واٹس ایپ میں لاگ اِن کے لیے فون نمبر درج کرنے پر ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا تصدیقی کوڈ موصول ہوتا ہے، جسے فوراً درج کرنا ضروری ہے۔ کوڈ درج کرتے ہی ہیکر کے موبائل پر چل رہا واٹس ایپ اکاؤنٹ خود بخود لاگ آؤٹ ہو جاتا ہے کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر فعال رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا آن لائن اندراج، ای رجسٹریشن ایپ متعارف
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ اگر ہیکر نے اکاؤنٹ پر ٹو اسٹیپ ویری فکیشن آن کر دی ہو اور صارف کو PIN معلوم نہ ہو تو واٹس ایپ 7 دن انتظار کرنے کا پیغام دے سکتا ہے، تاہم صارف کو اس دوران پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
حکام کے مطابق جیسے ہی ایس ایم ایس کوڈ درج کیا جاتا ہے، ہیکر اکاؤنٹ سے باہر ہو جاتا ہے اور انتظار کے دوران کوئی بھی صارف کے پیغامات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا۔
مزید بتایا کہ اگر صارف نے پہلے سے واٹس ایپ کے ساتھ ای میل ایڈریس منسلک کر رکھا ہو تو "Forgot PIN" کے آپشن کے ذریعے بغیر انتظار کے فوراً نیا PIN سیٹ کیا جا سکتا ہے۔







