کراچی میں آج جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ یکجہتی مارچ ہو رہا ہے، جس کا آغاز شام 4 بجے شاہراہ فیصل سے کیا جائے گا۔ مارچ کا مقصد اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا اور اہلِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی ہے۔ شہر کے تمام اضلاع سے قافلوں کی صورت میں شرکاء شاہراہ فیصل پر جمع ہوں گے۔
مارچ سے قبل بلوچ کالونی پل سے مرکزی جلسہ گاہ تک ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کریں گے۔ مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کلیدی خطاب کریں گے، جب کہ منعم ظفر خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔
غزہ مارچ کے لیے شاہراہ فیصل پر مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ٹریک مختص کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کراچی نے مارچ کے پیش نظر متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
