اپریل 11, 2025 3:55 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لئے تمام نظریں پاکستانی سپن جوڑی پر جم گئیں

افضل بلال
افضل بلال
Sajid Khan and Noman ali
انگلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد ساجد خان اور نعمان علی میچ بال کے ساتھ تصویریں بنوا رہے ہیں / گوگل

پاکستانی سرزمین پر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ دلچسپ مقابلوں سے بھری ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں نے پاکستانی سرزمین پر متعدد ٹیسٹ سیریز کھیلی جن میں سے آخری سیریز نومبر 2006 میں منعقد ہوئی تھی۔

2006ء سے لے کر اب تک پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 اور ون ڈے میچز تو ہو چکے ہیں لیکن کوئی بھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔ اب 19 سال بعد اب پھر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچ ہی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائے گے۔

ویسٹ انڈیز نے پہلی بار 1959ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے تھے، یہ سیریز میزبان پاکستان نے 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔ اس سیریز میں پاکستان نے پہلا میچ 10 وکٹوں سے اور دوسرا میچ 41 رنز سے جیتا تھا جبکہ تیسرا میچ ویسٹ انڈیز نے 156 رنز سے جیتا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے آخری بار نومبر 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے تھے۔ یہ میچز لاہور، کراچی اور ملتان میں کھیلے گئے اور پاکستان نے 2-0 سے کامیابی سمیٹی تھی۔

کھیلوں کی ویب سائیٹ ‘ون کرکٹ’ کے مطابق ویسٹ انڈیز نے اب تک پاکستان کے 7 دورے کیے ہیں جن میں 21 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں۔ ان 21 مقابلوں میں سے ویسٹ انڈیز نے 4 اور پاکستان نے 9 میچز میں کامیابی سمیٹی جبکہ 8 میچز بغیر کسی نتیجہ کہ اختتام پذیر ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 19 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، غور طلب بات تو یہ ہے کہ دونوں ہی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمیئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔ سیریز کے دونوں میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے،سیریز کا پہلا میچ صبح (17 جنوری) سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ 25 جنوری سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

واضح رہ کہ اس ٹیسٹ سیریز سے پہلے ویسٹ انڈیز نے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلی جو کہ 1-1 سے برابر رہی اور پاکستان کو ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں 2-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے میچ سے قبل ہی شائقین کرکٹ کی نظریں پاکستانی سپن جوڑی یعنی نعمان علی اور ساجد خان پر جم گئی ہیں، اس جوڑی نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کیا، اس جوڑی کی گھومتی گیندوں کے سامنے انگلش بلے باز بے بس نظر آئے، پہلے میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دینے والے انگلش ٹیم کو سیریز کے اگلے دونوں ہی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ساجد خان اور نعمان علی نے 2 میچز میں مجموعی طور پر 39 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 19 جبکہ نعمان علی نے 20 وکٹیں اڑائیں، اپنی بہترین گیند بازی کے باعث ساجد خان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ نعمان علی اکتوبر کے مہینے کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لئے پاکستان سکواڈ میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ٹیم میں 7 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شان مسعود اور سعود شکیل بدستور پاکستانی ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان ہوں گے، جنوبی افریقہ کے خلاف ناقص کارگردگی دکھانے والے عبداللہ شفیق، انجری کا شکار ہونے والے صائم ایوب سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں ان کی جگہ پر امام الحق اور محمد حریرا 15 رکنی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فاسٹ باؤلر محمد عباس، نسیم شاہ، میر حمزہ اور عامر جمال کو آرام دیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلرز میں خرم شہزاد کو برقرار رکھتے ہوئے محمد علی اور کاشف علی کو شامل کیا گیا ہے، پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، امام الحق، بابراعظم، محمد رضوان، کامران غلام، نعمان علی، ساجد خان، ابرار احمد، محمد علی، خرم شہزاد سمیت محمد حریرا، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، روحیل نذیر اور کاشف علی شامل ہیں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے سکواڈ میں الیک اتھنزے، کیاسی کارٹی، کریگ بریتھویٹ، میکائل لوئس، جسٹن گریوز، کیوام ہوج، کیون سنکلئر، عامر جانگو، جوشوا ڈی سلوا، ٹیون املاچ، انڈرسن فیلپ، گوڈاکیش موتی، جیڈن سیلز، جومل وارکین اور تجربہ کار فاسٹ باؤلر کیمار روچ شامل ہیں۔

افضل بلال

افضل بلال

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس