Follw Us on:

نا قابلِ یقین تفریخی ماحول کو اپنے اندر سموئے برطانیہ نیا یونیورسل تھیم پارک بنائے گا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

برطانیہ میں ایک نیا یونیورسل تھیم پارک کھولنے کی تیاری مکمل ہو گئی ہے۔ حکومت نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، اور توقع ہے کہ یہ پارک 2031 میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ بیڈفورڈ شائر میں بننے والا یہ پارک یورپ کے سب سے بڑے اور جدید تھیم پارکوں میں سے ایک ہوگا، جس میں ایک 500 کمروں کا ہوٹل اور ایک شاپنگ و تفریحی کمپلیکس بھی شامل ہو گا۔

پارک کے پہلے ہی سال میں 85 لاکھ زائرین کی آمد متوقع ہے۔ یونیورسل کا اندازہ ہے کہ 2055 تک یہ منصوبہ ملکی معیشت کو تقریباً 50 ارب پاؤنڈز کا فائدہ دے گا۔ حکومت نے اسے ملک کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ تقریباً 28,000 ملازمتیں پیدا کرے گا، جن میں 20,000 تعمیراتی مراحل کے دوران اور 8,000 اس کے بعد موقع پر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف اعدادوشمار کا معاملہ نہیں، بلکہ برطانیہ میں لوگوں کے لیے حقیقی روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ پارک کو عوام کے لیے باآسانی قابل رسائی بنانے کے لیے ارد گرد کے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ پر بھاری سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ منصوبہ آکسفورڈ سے کیمبرج کے درمیانی علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہے، جس میں لوٹن ایئرپورٹ کی توسیع بھی شامل ہے۔

تھیم پارک جس جگہ بنایا جا رہا ہے، وہ پہلے ایک اینٹوں کا کارخانہ تھا۔ اس کے لیے وزارتِ ہاؤسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ سے باقاعدہ اجازت حاصل کی جائے گی۔

مقامی رہائشیوں نے اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے علاقے کو ترقی ملے گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ ایک گودام میں کام کرنے والی ماریا پیریز نے کہا کہ بیڈفورڈ ایک بورنگ شہر ہے، اور تھیم پارک یہاں تفریح کا نیا ذریعہ بنے گا۔ ان کا خیال ہے کہ اس سے معیشت بہتر ہو گی اور لوگ زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، اگرچہ کرایوں میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

14 سالہ تنوی مہیش، جو پچھلے سال سعودی عرب سے یہاں منتقل ہوا، نے کہا کہ بیڈفورڈ میں اس کے پاس تفریح کا کوئی ذریعہ نہیں، اور وہ تھیم پارک میں نوکری کا موقع ملنے پر فوراً قبول کرے گا۔

تھیم پارک میں یونیورسل کی مشہور فلموں اور کرداروں پر مبنی تفریحی سہولیات ہوں گی، جن میں منینز، ای ٹی، جراسک پارک، کنگ فو پانڈا، فاسٹ اینڈ فیوریس، جیسن بورن، وِکڈ اور بیک ٹو دی فیوچر شامل ہیں۔

60 سالہ نکولا ہارلو نے کہا کہ اس منصوبے سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ ان کی 82 سالہ والدہ جینٹ نے بھی موجودہ وقت میں نوجوانوں کے لیے تفریح کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے اسے مثبت قدم قرار دیا۔

یونیورسل دنیا کے دیگر شہروں میں بھی تفریحی مقامات چلا رہا ہے، جن میں امریکا، جاپان، چین اور سنگاپور شامل ہیں۔

36 سالہ کاروباری تجزیہ کار جگدیپ سنگھ نے کہا کہ اس منصوبے سے بیڈفورڈ میں روزگار اور کاروبار میں بہتری آئے گی، لیکن وہ علاقے میں ٹریفک کے دباؤ اور ہسپتالوں پر ممکنہ بوجھ کے بارے میں فکر مند ہیں۔

85 سالہ مارگریٹ ولسن نے کہا کہ وہ خود پارک نہیں جائیں گی، مگر ان کے پوتے ضرور جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال طویل وقت ہے اور کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

ایلسٹائے کی ایک رہائشی نے کہا کہ کووڈ سے پہلے بیڈفورڈ ایک فعال مارکیٹ ٹاؤن تھا، اور اگرچہ یہ منصوبہ اسے پہلے جیسا نہیں بنا سکے گا، لیکن علاقے کے لیے فائدہ مند ضرور ہو گا۔

چانسلر ریچل ریوز نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری برطانیہ میں کاروبار کرنے پر اعتماد کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر یونیورسل کی پیرنٹ کمپنی کامکاسٹ کے صدر کو ڈاؤننگ سٹریٹ میں خوش آمدید کہا، جہاں انہیں پارک کی تھری ڈی تصویر بھی دکھائی گئی، جس میں سواریوں، تھیم والے علاقوں اور واٹر شو کی تفصیلات شامل تھیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس