وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے ہمیشہ سنجیدگی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ بھی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، جس کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیےاور اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے پاکستان دستے بھی بھیج چکا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن کے لیے وزارتی کانفرنس کا انعقاد اہم ہے، سینکڑوں پاکستانی عالمی امن کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔
پاکستانی آرمی چیف بھی اقوام متحدہ کے عالمی امن دستوں میں کردار ادا کرچکے ہیں، عالمی امن کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 35 ہزار پاکستانیوں نے کردار ادا کیا ہے۔
کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے مستقل عزم اور کردار کو سراہا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔