موٹروے ایم 4 پر امین پور کے قریب ٹرک نے پٹرولنگ موبائل پر ٹکر ما ر دی جس سے موٹروے پولیس کے انسپکٹر منصور اصغر دورانِ ڈیوٹی شہید ہو گئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہید انسپکٹر ڈرائیورز کو دورانِ ڈرائیونگ نیند سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مزدا ٹرک نمبر جے ڈبلیو1778 کا ڈرائیور مبینہ طور پر ڈرائیونگ کے دوران سو گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک بے قابو ہو کر انسپکٹر منصور اصغر سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
شہید انسپکٹر کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ 2007 میں موٹروے پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ ان کی خدمات کو ادارے کی جانب سے نہایت ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی مثال قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ انسپکٹر منصور اصغر نہایت دیانتدار اور قابل افسر تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
شہید انسپکٹر اپنے پیچھے والدین، بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے شہید افسر کی فیملی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔