اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے جناح اسکوائر انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے عوام کو خوشخبری سنائی کہ وفاقی دارالحکومت بہت جلد خوبصورتی، سہولت اور جدیدیت کا گہوارہ بنے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جاری توسیعی منصوبے نہ صرف شہر کا حسن بڑھا رہے ہیں بلکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی محسن نقوی کو بہترین اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی کاوشوں کی بدولت معیشت میں استحکام آیا ہے اور پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بھی واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
بلوچستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ “خونی ٹریک” کہلانے والی خطرناک شاہراہ کو جدید ہائی وے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جو اب تک دو ہزار سے زائد قیمتی جانیں نگل چکی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا کوٹہ مکمل کردیا گیا ہے اور یہ منصوبہ وہاں کے عوام کے لیے ایک حقیقی تحفہ ہوگا۔
شہباز شریف نے یقین دلایا کہ یہ ترقیاتی کام محض ابتدا ہے پاکستان کی تعمیر و ترقی کا سفر تیز تر ہوگا اور دنیا جلد ایک نئے پاکستان کو تسلیم کرے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا ٹیکس سسٹم ’غیر منصفانہ اور ناقص‘ ہے، عالمی بینک