Follw Us on:

پنجاب میں شدید بارشوں سے نو افراد جاں بحق، ہیٹ ویو اور مزید طوفانی موسم کا الرٹ جاری

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

پنجاب میں گزشتہ دو دن کے دوران شدید بارشوں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے نتیجے میں کم از کم نو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں مزید خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شمالی اور وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں کے لیے 18 اور 19 اپریل کو شدید موسم کی وارننگ جاری کی ہے، جس میں آندھی، گرج چمک، ژالہ باری اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ خراب موسم نہ صرف انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ ٹرانسپورٹ، بجلی کی ترسیل اور زرعی فصلوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں سے درخت اور بجلی کے کھمبے گر سکتے ہیں، جبکہ اولے گاڑیوں، چھتوں، سولر پینلز اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز، بلند درختوں اور بجلی کی تاروں سے دور رہنے اور سرکاری ایپس و چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، لیہ اور کوٹ ادو میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ کئی مقامات پر مکانات کو نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیموں اور مشینری کو مکمل تیاری کے ساتھ متحرک کر دیا گیا ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

ایک اور رپورٹ میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جو خیبر پختونخوا، بلوچستان، پوٹھوہار، مری اور دیگر علاقوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ شدید گرمی سے جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے، جبکہ گلیشیئر کے پگھلنے سے گلگت بلتستان اور چترال میں جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

تین ماہ کی موسمی پیشن گوئی کے مطابق، اپریل سے جون تک ملک میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور کم بارشیں ہوں گی، جس سے زرعی پیداوار، پانی کی دستیابی اور غذائی تحفظ متاثر ہو سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری دھوپ سے گریز کریں، پانی کا استعمال زیادہ کریں اور گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس