📢 تازہ ترین اپ ڈیٹس
اسلام آباد انتظامیہ اور جماعت اسلامی کی قیادت کے مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد جلسہ گاہ کا متبادل مقام طے پا گیا ہے۔ جلسہ گا زیرو پوائنٹ سے فیض آباد ایٹ ایونیو ہوگا۔ اس سے قبل سری نگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر بند کیا گیا تھا۔ ریڈ زون کی طرف جانے والی سڑک تو بدستور بند ہے تاہم ریڈ زون سے باہر آنے والی سڑک کے کنٹینرز ہٹا کر راستہ کھول دیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ زیرو پوائنٹ تا فیض آباد کے درمیان ایچ ایٹ پل پہ ھوگا۔ موٹر وے سے آنے والوں کو سری نگر ھائی وے سے گزر کر زیرو پوائنٹ سے فیض آباد پنڈی کی طرف اترنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح جی ٹی روڈ پنجاب سے آنے والی گاڑیوں کو فیض آباد سے اسلام آباد داخل ہونے کا کہا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کی ذمہ داران کی جانب سے پنجاب و ملحق اضلاع کے قافلوں کو ٹی چوک روات جمع ہو کر زیرو پوائنٹ پہنچنے کا کہا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے براستہ جی ٹی روڈ اور موٹرویز آنے والے قافلوں کو 26 نمبر جمع ہو کر ریلی کی صورت میں زیرو پوائنٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جماعت اسلامی کی طرف الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام قافلے بالکل تسلی کے ساتھ اسلام آباد کی جانب بڑھتے جائیں۔ ’’انشاء اللہ 2 بجے تک اسلام آباد میں ریلی کے آغاز کی حتمی جگہ سے تمام قافلوں کو آگاہ کردیا جائے۔ خواتین اور بچے لازمی شریک ھوں‘‘۔
ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستوں کو بڑے بڑے کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے گردونواح سے قافلے غزہ مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں ، سرگودھا، میانوالی ، خوشاب ، چکوال ، راولپنڈی اور اٹک سے ایک بڑی تعداد مارچ میں شریک ہورہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ کا یہ ایک بہت بڑا مارچ ہوگا ۔
مکمل تفصیلات:
جماعت اسلامی کی جانب سے آج دارالحکومت اسلام آباد میں غزہ مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مارچ کی تیاریوں کو سبوتاژ کرنے کی متعدد کوششوں، تیاریوں میں مصروف متعدد کارکنان کی گرفتاری، تشدد اور دہشت گردی کے مقدمہ کے اندراج کے باوجود مارچ کی تیاریاں جاری ہیں۔
اسلام آباد سے پاکستان میٹرز کے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ شب غزہ مارچ کے پیش نظر ریڈ زون کو تین اطراف سے رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زونز کو سرینا چوک، نادرہ چوک اور ڈی چوک کی جانب سے کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا۔
غزہ مارچ کے میزبان جماعتِ اسلامی اسلام آباد کے امیر انجینئر نصراللہ رندھاوا نے پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارچ طے شدہ پروگرام کے مطابق لازماً اسی مقام پر ہوگا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ آج اسلام آباد میں غزہ مارچ ہر صورت ہو گا۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کا ذرائع ابلاغ کے ذریعے اعلان کہ غزہ مارچ کی اسلام آباد میں اجازت نہیں دی جائے گی افسوسناک ہی نہیں، قابلِ مذمت بھی ہے۔
جماعت کے رہنما نے کہا کہ ایسے اقدام سے فلسطین کاز کو نقصان پہنچے گا اور حکومت بتائے کہ ایسا کرکے وہ کس کی خدمت بجا لارہی ہے۔ ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی آج اسلام آباد میں ہر صورت مارچ کر کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔
مزید پڑھیں : ’اسرائیل کی ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس، فوج ہار چکی، مزاحمت کار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘ حافظ نعیم کا ملتان میں خطاب
آج سہ پہر 3 بجے اسلام آباد کے آبپارہ چوک میں یکجہتی غزہ مارچ کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے امیر، حافظ نعیم الرحمان کریں گے۔ یہ مارچ فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ میں جاری امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے اور مظلوموں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
مارچ میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، اور ملک بھر سے کارکنان و شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مظاہرے میں شریک ہو کر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی اور انسانی وابستگی کا ثبوت دیں۔
مارچ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے وفاق کی جانب رواں دواں ہیں۔ پاکستان میٹرز کی خصوصی مناظر مبنی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح مظاہرین کی بڑی تعداد خیبرپختونخوا سے گاڑیوں، بسوں وغیرہ میں قافلوں کی شکل میں آرہی ہے۔
مارچ کے اختتام پر حافظ نعیم الرحمان خصوصی خطاب کریں گے، جس میں وہ اسرائیلی مظالم، مسلم امہ کے کردار اور پاکستان کی ممکنہ پالیسیوں پر گفتگو کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جماعتِ اسلامی کی جانب سے لاہور، کراچی اور ملتان میں مارچ منعقد کیے گئے ہیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ مارچ عالمی برادری کو یہ پیغام دینے کی ایک کوشش ہے کہ پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر مظلوموں کی حمایت جاری رکھیں گے۔