دنیا میں پہلی بار 2 روبوٹس ایک دوسرے کیساتھ باکسنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہیں۔
ویسے تو ابھی باکسنگ میچ صرف 2 انسانوں کے درمیان ہی ہوتے ہیں۔
مگر اب دنیا میں پہلی بار 2 روبوٹس باکسنگ رنگ میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے۔
جی ہاں واقعی چینی روبوٹیکس کمپنی یونی ٹری کی جانب سے دنیا کے پہلے روبوٹس باکسنگ میچ کو لائیو اسٹریم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس مقابلے کو یونی ٹری آئرن فسٹ کنگ کا نام دیا گیا ہے جو اگلے مہینے مئی میں ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے ایک پروموشنل ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ روبوٹس ایک انسان اور دیگر روبوٹس کے ساتھ پریکٹس کر رہے ہیں۔
البتہ کمپنی کی جانب سے اس مقابلے کے حوالے سے دیگر تفصیلات جیسے روبوٹس ماڈلز کو فی الحال ظاہر نہیں کیا گیا۔
مگر زیادہ امکان یہی ہے کہ کمپنی کی جانب سے یونی ٹری جی 1 روبوٹس کو استعمال کیا جائے گا جو کہ 4.3 فٹ لمبے ہیں۔
ویسے اس کمپنی کے ایچ 1 روبوٹس بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں جن کا قد 5 فٹ 11 انچ ہے۔
ایچ 1 روبوٹس اس کمپنی کے سب سے بہترین روبوٹس ہیں جو کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی اور دیگر جدید ترین ٹیکنالوجیز سے لیس ہیں۔
پروموشنل ویڈیو میں جھلک پیش کی گئی ہے کہ روبوٹس کے درمیان باکسنگ میچ کیسا ہوگا۔
البتہ ویڈیو سے عندیہ ملتا ہے کہ انسانوں کے مقابلے میں روبوٹس کا ردعمل سست ہوتا ہے اور ان کے لیے تھپڑ وغیرہ کھانے پر توازن برقرار رکھنا بھی مشکل ہوتا ہے۔
البتہ ویڈیو میں یہ ضرور دکھایا گیا ہے کہ روبوٹس کنگفو کے داؤ استعمال کرنا بخوبی جانتے ہیں۔
یہ چینی کمپنی کافی عرصے سے روبوٹس پر کام کر رہی ہے اور اس کی کوشش ہے کہ روبوٹس کی جسمانی حرکات کافی حد تک انسانوں جیسی ہو جائے۔
اسی لیے کمپنی کی جانب سے روبوٹس کو انسانوں کی طرح چلنے، رقص کرنے اور دیگر چیزوں کو سکھایا گیا۔