فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل و انڈیا کے مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے دی جانے والی ملک گیر ہڑتال کو وکلا اور تاجر تنظیموں کی بھرپور حمایت حاصل ہوگئی۔
مختلف وکلا تنظیموں، تاجر یونینز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے جماعت اسلامی کے احتجاجی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ 26 اپریل کو ملک بھر میں ہڑتال میں شریک ہوں گے۔ اس ہڑتال کا مقصد نہ صرف غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کی بھی مذمت کرنا ہے۔
لاہور بار ایسوسی ایشن نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 26 اپریل 2025 کو مکمل ہڑتال اور احتجاجی ریلی کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان لاہور بار کے مطابق کہ 26 اپریل بروز ہفتہ کو لاہور بار مکمل ہڑتال کرے گی، عدالتوں میں پیش نہیں ہوا جائے گا اور وکلاء فلسطینی مظلوم عوام کی حمایت میں بھرپور احتجاج کریں گے۔

اجلاس میں صدر لاہور بار مباشر رحمان چوہدری نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی جانب سے مسلمانوں پر مظالم انسانیت سوز اور انسانی حقوق کے عالمی قوانین کے منافی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وکلاء کبھی ان مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے۔
جمعرات کو پشاور میں ہونے والے تاجر کنونشن میں متعدد تنظیموں نے ہڑتال میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا، جب کہ بدھ کو گوجرانوالہ میں منعقدہ کنونشن میں بھی مختلف کاروباری تنظیموں نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان بزنس فورم نے بھی یکجہتی فلسطین اور اسرائیل و انڈیا کی مزمت کے معاملے پر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: حافظ نعیم الرحمان کا مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس، اے پی سی بلانے کا مطالبہ
ملاقات میں پاکستان بزنس فورم کراچی کا اعلیٰ سطحی وفد بھی شریک تھا، جس میں صدر سہیل عزیز، جنرل سیکریٹری عامر رفیع اور جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد شامل تھے۔ وفد نے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کے خلاف پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کے متحدہ مؤقف کو سراہا اور کہا کہ ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کا بھرپور ذریعہ بنے گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر اہل غزہ و فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 26 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری (فباٹی) کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فباٹی کے صدر شیخ محمد تحسین نے ہڑتال کی مکمل حمایت اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستان بزنس فورم کراچی اس عظیم مقصد کے لیے تمام تاجر و صنعتکار تنظیموں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ 26 اپریل کو پرامن شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھرپور کردار ادا کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی قوم مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
جماعت اسلامی کی اپیل پر تاجر اتحاد کراچی اور نوجوانانِ تاجر نے ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شہر کی تمام اہم مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہڑتال کے روز صدر کی تمام مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں گی جن میں الیکٹرونک مارکیٹ، کپڑا مارکیٹ، کاپریٹو، کریم سینٹر، کیپیٹل سینٹر، گل سینٹر، ایلفی سینٹر، ہانگ کانگ سینٹر، ریگل چوک، اکبر روڈ، کمپیوٹر مارکیٹ، اردو بازار اور بند روڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تین تلوار، گلف مارکیٹ، کلف مارکیٹ، محبوب مارکیٹ اور اعتراف کی تمام مارکیٹیں بھی مکمل طور پر بند رہیں گی۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال نہ صرف مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کا ذریعہ ہے بلکہ دنیا کو یہ پیغام دینے کا موقع بھی ہے کہ پاکستانی قوم ظلم و بربریت کے خلاف ایک آواز ہے۔