پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی براڈکاسٹ کمپنی سے منسلک انڈین عملے کو اچانک پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا اور صرف چند گھنٹوں میں واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا روانہ کر دیا گیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق براڈکاسٹ کمپنی سے تعلق رکھنے والے 23 انڈین شہریوں کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا جب مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں ہونے والی دہشتگردی کی واردات نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک بار پھر جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
دو روز قبل پہلگام میں فائرنگ کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کا سخت مؤقف سامنے آیا۔
شکلا نے واضح الفاظ میں کہا کہ انڈیا آئندہ کسی دو طرفہ سیریز میں پاکستان سے کرکٹ نہیں کھیلے گا۔
اس واقعے کے بعد پاکستانی حکام نے حساس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈین عملے کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ صرف سیکیورٹی اقدام نہیں بلکہ دونوں ممالک کے بڑھتے تناؤ کی جھلک بھی ہے۔ ان سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کھیل پھر سیاست کی بھینٹ چڑھ گیا؟