وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ 8 لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود پہلگام میں حملہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ انڈیا دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، انڈیا برما، کینیڈا، میانمار، امریکا اور انگلینڈ میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔ انڈیا دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی، پاکستان دنیا میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت: کیا پاکستان میں فلسطین کی حمایت بڑھ رہی ہے؟
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ جعلی مقابلوں کے لیے 1500 سے زیادہ کشمیریوں کو اٹھا لیا گیا ہے، انڈیا نے ہمیشہ سیاسی مفاد کے لیے فالس فلیگ آپریشن کیے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پہلگام میں ہندوؤں کو بسانے کے لیے مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانی اپنی جان کی قربانی دے چکے ہیں۔ 8 لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں پہلگام میں اتنا بڑا حملہ سوالیہ نشان ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں اب تک ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔ پاکستان پر الزامات لگانا مودی حکومت کا وطیرہ ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انڈین حکومت پہلگام حملے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنا رہی ہے۔ فضائی حدود بند ہونے سے انڈین ائیرلائنز دیوالیہ ہوجائیں گی۔ کسی بھی مہم پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کشمیر کو غزہ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: عرفان صدیقی
وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا ہے کہ ملک بھر کی تجارتی برادری نے آج فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے، پاکستان نے ہر عالمی فارم پر پاکستان کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا۔اسرائیل کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو جب بھی ضرورت ہوئی تو ریلوے کی خدمات حاصل ہیں، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے قوم متحد ہے۔