April 28, 2025 12:38 pm

English / Urdu

Follw Us on:

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 54 خارجی ہلاک

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
دراندازوں نے پاکستان میں داخل ہو کر بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ (فوٹو: گوگل)

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے خارجی عناصر کی جانب سے دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران 54 خارجی ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دراندازوں نے پاکستان میں داخل ہو کر بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن عناصر کا حملہ ناکام بنایا اور بڑی تعداد میں ہتھیار اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام خارجی غیر ملکی سرپرستوں کے اشاروں پر پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ملک کو ایک بڑی سازش سے محفوظ بنا لیا۔

سیکیورٹی اداروں نے سرحدی علاقے میں مزید سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے باقی ماندہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: پہلگام حملہ کے باعث بڑھتی ہوئی کشیدگی: پاک بھارت سرحدی تقریب میں مصافحہ نہیں کیا گیا

پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب انڈیا پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، فتنہ خوارج کی جانب سے سرحدی دراندازی کی کوششیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ یہ عناصر کس کے اشاروں پر سرگرم ہیں۔

ترجمان کے مطابق ایسی کارروائیاں ریاست اور عوام کے ساتھ کھلی غداری کے مترادف ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حالیہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس امر پر زور دیا گیا تھا کہ انڈیا کا اسٹریٹجک مقصد پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی توجہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ سے ہٹانا ہے، تاکہ فتنہ خوارج کو دوبارہ سانس لینے کا موقع فراہم کیا جا سکے لیکن مسلح افواج نے دشمن کی ان سازشوں کو بھرپور طریقے سے ناکام بنایا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے سانحے کو بروقت روک دیا۔ یہ کسی ایک کارروائی میں سب سے زیادہ خوارج کو ہلاک کرنے کا ریکارڈ ہے، جو سیکیورٹی اداروں کی عظیم کامیابی کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایسی جرات مندانہ اور فیصلہ کن کارروائیاں اس قومی عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں اور اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں فتوحات حاصل کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈیا کی آبی جارحیت: دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑا دیا

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن میں تمام 54 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی شاندار پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے عزم میں غیر متزلزل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کامیاب کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں فتوحات حاصل کر رہا ہے۔

لازمی پڑھیں: انڈیا کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے، رہنما تحریکِ خالصتان

مزید یہ کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

انہوں نے کہا کہ فورسز نے تین اطراف سے خوارج کو گھیر کر مؤثر کارروائی کی، جس سے ایک بڑا سانحہ بروقت ٹال دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کو حملے سے متعلق پہلے اطلاعات تھیں۔ خارجیوں کو آگے آنے دیا گیا اور جب وہ آگئے تو اطراف سے گھیر کر انہیں نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کا آج خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اگر انہوں نے پاکستان میں دوبارہ داخلے کی کوشش کی تو انہیں ایک بار پھر ایسا ہی جواب ملے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس