لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مقبول ٹک ٹاکر آیت مریم کو ان کے شوہر سعد نے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔
نجی خبررساں ادارے سی این این اردو کے مطابق یہ المناک واقعہ گزشتہ دو روز قبل پیش آیا تھا لیکن واردات کا پیر کو اس وقت انکشاف ہوا جب گھر سے تعفن کی بدبو آنے لگی۔
پولیس کے مطابق آیت مریم کی یہ دوسری شادی تھی اور ان کا پہلے شوہر سے ایک بچہ بھی تھا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ قاتل شوہر سعد اور آیت مریم اکٹھے ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بناتے تھے، جنہیں سعد کے ہی اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا جاتا تھا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، مختلف جھڑپوں میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا
مقتولہ کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ آیت مریم بار بار شکایت کرتی تھیں کہ ان کا شوہر انہیں مارنے پیٹنے اور قتل کی دھمکیاں دیتا ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ دھمکیاں آخرکار حقیقت بن گئیں۔
پولیس کے مطابق گھر پہنچنے پر دروازے پر تالا لگاہوا تھا، اندر داخل ہونے پر انہیں آیت مریم کی سڑتی ہوئی لاش ملی۔ ملزم سعد کو گرفتار کرنے میں خاصی محنت لگی، کیونکہ وہ فرار ہو گیا تھا اور اس کا فون بھی بند تھا۔
پولیس نے چھاپے مار کرروائی کے بعد بالآخر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ ابتدائی تفتیش میں سعد نے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔ یہ کیس دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔