پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا 19واں میچ آج دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جس میں قلندرز نے یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو بلےبازی کی دعوت دی۔ قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا۔
قلندرز کی جانب سے اوپننگ کے لیے جارح مزاج بلےباز فخر زمان اور محمد نعیم آئے، فخر 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، جب کہ محمد نعیم 25 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
ان کے علاوہ سکندر رضا نے 39، سیم بلنگز نے 38، جب کہ عبداللہ 22 رنز بنائے۔

یونائیٹڈ گیندباز کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور ایک ایک کرکے پٹتے چلے گئے۔
یونائیٹڈ کی جانب سے عمدہ گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عماد وسیم نے 26 رنز کے عوض 2 شکار کیے۔ ان کے علاوہ جیسن ہولڈرز نے 2، جب کہ بین دروشوئس نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یونائیٹڈ کی جانب سے آندے ہاؤس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ سلمان علی آغا نے 36، کپتان شاداب خان نے 13، جب کہ نسیم شاہ نے 11 رنز بنائے۔

قلندرز کی جانب سے انتہائی شاندار گیندبازی دیکھنے کو ملی۔ قلندرز گیندبازوں نے یونائیٹڈ بلے بازوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔
قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 4، سکندر رضا نے 3، جب کہ شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور ٹام کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 میں سے 5 میچوں میں کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جب کہ لاہور قلندرز نے 7 میچ کھیل کر 4 میں فتح حاصل کی اور وہ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔