پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی عالمی سطح پر بے نقابی اور شرمندگی کے بعد انڈین فوجی قیادت میں غیر معمولی تبدیلیوں کا آغاز ہوگیا، انڈین شمالی کمان کے آرمی کمانڈر کی تبدیلی کے بعد ایئر مارشل ایس پی دھارکر عہدے سے برطرف کر دیے گئے۔
نجی نشریاتی ادارے آج نیوز کے مطابق انڈین فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل ایس پی دھارکر کو ان کے عہدے سے اچانک ہٹا دیا گیا ہے، جنہوں نے گزشتہ شب رافیل طیاروں کی جارحانہ پروازوں کی خود نگرانی کی تھی، تاہم پاک فضائیہ کے جدید ریڈار سسٹمز نے انڈین منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی بروقت تیاری اور موثر دفاعی اقدامات نے انڈین فضائیہ کو 2019 کی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ جیسی صورتحال سے دوچار کر دیا۔ انڈین طیارے نہ صرف اپنے اہداف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے بلکہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی سے بھی باز رہے۔
مزید پڑھیں: پہلگام واقعہ، پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک کیا کچھ ہوا؟
آج نیوز کے مطابق ایئر مارشل دھارکر نے رافیل طیاروں کے پائلٹس کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ان کی برطرفی عمل میں لائی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انڈین شمالی کمان کے آرمی کمانڈر کی تبدیلی بھی عمل میں آ چکی ہے، جو عسکری قیادت میں گہری بے چینی کی عکاسی کرتی ہے۔
نجی نشریاتی ادارے نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کو نہ صرف عسکری ناکامیوں کا سامنا ہے بلکہ اس کی اپنی فوجی قیادت بھی سیاسی مداخلت اور جھوٹے بیانیے پر شدید تحفظات رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
خیال رہے کہ ایئر مارشل نرمدیشور تیواری کو نیا نائب فضائی سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فوجی اداروں میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور فاشسٹ حکومتی بیانیے کا دباؤ آئندہ دنوں میں مزید اہم تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے۔