کوہستان کی خطرناک اور تنگ سڑکوں پر ایک اور ہولناک سانحہ پیر کے روز کراکرم ہائی وے پر واقع میتا بانڈہ کے قریب ایک مسافر گاڑی گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں تین خواتین اور چار معصوم بچے شامل تھے۔
گاڑی راولپنڈی سے گلگت کی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک ڈرائیور سے گاڑی کا توازن بگڑ گیا۔ لمحوں میں قہقہوں سے بھری گاڑی موت کے خاموش سناٹے میں ڈوب گئی۔
ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ مقامی افراد نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے جن میں اسف اقبال اور ان کی اہلیہ میمونا اقبال، چار بچے اور دو قریبی رشتہ دار عائشہ صدیقہ اور بشریٰ وسیم شامل ہیں۔
یہ سب راولپنڈی کے رہائشی تھے اور تفریح کی غرض سے شمال کی طرف نکلے تھے، لیکن موت راستے میں رکاوٹ بن گئی۔
ضلع پولیس افسر تیمور خان نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “یہ مقام کراکرم ہائی وے کا انتہائی خطرناک حصہ ہے جہاں معمولی سی لغزش موت کا پیغام بن جاتی ہے۔”
انہوں نے تمام ڈرائیور حضرات سے اپیل کی کہ کوہستان کے ان پرخطر راستوں پر حد درجہ احتیاط برتیں۔ کیونکہ یہاں ایک لمحہ بے احتیاطی، پوری زندگی کو نگل سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’گاڑی چلاتے ہوئے سو گیا تھا‘ فلپائن میں یکم مئی کو بس حادثے میں 10 مزدور ہلاک