پاکستان کی برآمدات میں رواں مالی سال 2024-25 کے ابتدائی دس ماہ کے دوران 6.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں برآمدات کا حجم 26.859 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 25.278 ارب ڈالر تھا۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے جاری کردہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق، ملک کا تجارتی خسارہ بھی 8.81 فیصد بڑھ کر 21.351 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 19.622 ارب ڈالر تھا۔
درآمدات میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جو 7.37 فیصد اضافے کے ساتھ 48.210 ارب ڈالر ہو گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 44.9 ارب ڈالر تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ: حب پاور کمپنی ملک بھر میں چارجنگ پوائنٹس قائم کرے گی
اپریل 2025 میں مہینہ وار بنیادوں پر پاکستان کا تجارتی خسارہ 55.20 فیصد کے اضافے سے 3.388 ارب ڈالر ہو گیا، جو مارچ 2025 میں 2.183 ارب ڈالر تھا۔
اپریل میں برآمدات میں 19.05 فیصد کمی ہوئی اور یہ 2.141 ارب ڈالر رہیں، جبکہ مارچ میں یہ 2.645 ارب ڈالر تھیں۔ دوسری جانب، درآمدات میں اپریل کے دوران 14.52 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 5.529 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مارچ میں یہ 4.828 ارب ڈالر تھیں۔
سال بہ سال بنیاد پر بھی اپریل 2025 میں تجارتی خسارے میں 35.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل 2024 میں 2.495 ارب ڈالر تھا۔ اپریل 2025 میں برآمدات میں 8.93 فیصد کمی ہوئی، جو اپریل 2024 میں 2.351 ارب ڈالر کے مقابلے میں 2.141 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ درآمدات میں سالانہ بنیاد پر 14.09 فیصد اضافہ ہوا، جو اپریل 2024 میں 4.846 ارب ڈالر کے مقابلے میں اپریل 2025 میں 5.529 ارب ڈالر رہی۔