وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے مرید کے میں حملہ کی جگہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی یہ حرکت انتہائی گھٹیا ہے جبکہ پاکستانی قوم اور عوام کے حوصلے بلند ہیں ،مرید کی عوام یہاں پر موجود ہے دیکھ لیں کسی کے چہرے پر بھی آپ کو خوف نظر آ جائے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا نے جب بھی پاکستان پر حملہ کیا رات کے اندھیرے میں کیا اور یہ انتہائی گھٹیا حرکت کی ہے، مگر پاکستانی قوم کے جذبے کو میں داد دیتا ہوں جن کے چہروں پر کسی قسم کا کوئی بھی خوف نظر نہیں آ رہا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا پاک فوج کا یہ نعرہ کراچی سے خیبر تک مزید حوصلے بلند کرے گا کہ پاک فوج کا ہر نوجوان چلتا پھیرتا پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ جن کو یہ غلط فہمی تھی کہ جب ہم ان پر حملہ کریں گے تو ان کی قوم فوج کے ساتھ کھڑی نہیں ہو گی، ان کی یہ غلط فہمی دور ہونے کے ساتھ ساتھ طبعیت بھی صاف ہو چکی ہے کہ پاکستانی قوم کل بھی اپنی قوم کے ساتھ تھی اور آج بھی ان کے ساتھ ہے۔