وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے انڈین جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے۔ پاکستانی فورسز نے انڈیا کے پانچ جنگی طیارے اور اب تک 77 ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے، جو پاکستان کی فضائی برتری اور دفاعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو روایتی جنگ میں انڈیا پر برتری حاصل ہو چکی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، مگر کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کرنا اس کا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے، اور پاکستان نے یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے۔
انہوں نے انڈیا پر الزام لگایا کہ نہ صرف وہ عسکری محاذ پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے بلکہ اندرون ملک اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا بھی چلا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ انڈین میڈیا پر پرانی تصاویر، جعلی ویڈیوز اور فیک نیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اپنی ناکامی کو چھپایا جا سکے۔ لیکن پاکستان نے یہ پروپیگنڈا مؤثر انداز میں بے نقاب کیا ہے، جس سے انڈیا کو عالمی سطح پر شرمندگی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔