پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا ہے جس کے پیش نظر پاکستان نے اپنی فضائی حدود کل دوپہر 12 بجے تک مکمل طور پر بند کر دی ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ چند روز سے فضائی آپریشن میں بار بار تعطل دیکھا جا رہا تھا، جس کا اثر نہ صرف اندرونِ ملک بلکہ بین الاقوامی پروازوں اور حج آپریشن پر بھی پڑا ہے۔
ایئرپورٹس پر بڑھتی ہوئی بے چینی اور پروازوں کی معطلی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہنگامی پریس بریفنگ میں بتایا کہ انڈیا نے پاکستان میں تین اہم ایئر بیسز نورخان، مرید اور شورکوٹ کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
ان کے مطابق دشمن نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے جدید میزائل داغے، تاہم پاک فضائیہ نے چکلالہ کے قریب نورخان ایئربیس پر حملے کی کوشش بروقت ناکام بنا دی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام فضائی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ملک کی فضائی حدود کی نگرانی میں کوئی کمی نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔