Follw Us on:

جنگ بھارت نے مسلط کی، سندھ طاس معاہدے کی بحالی تک بات ممکن نہیں: حافظ نعیم الرحمان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hafiz naemi
جنگ بھارت نے مسلط کی، سندھ طاس معاہدے کی بحالی تک بات ممکن نہیں: حافظ نعیم الرحمان( فائل فوٹو)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی ہے اور جب تک بھارت سندھ طاس معاہدے کی بحالی کا اعلان نہیں کرتا، پاکستان کو اس کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں کرنی چاہیے۔

اپنے بیان میں حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا، “الحمدللہ ہماری افواج پاکستان نے بھارت پر کاری ضرب لگائی ہے جس کا پوری قوم کو انتظار تھا۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان نے دشمن کی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ صرف فوجی تنصیبات پر حملے کیے، جو پاکستان کے ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت ہے۔

انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ اس نے فالس فلیگ آپریشن کر کے، بچوں اور مسجدوں کو نشانہ بنا کر جنگ کا آغاز کیا، جس کا اب اسے خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سفارتی محاذ پر بھرپور کام کیا جائے اور دنیا کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا، “دنیا کو بتانا ہوگا کہ ایک طرف بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے اور دوسری طرف پاکستان کا ذمہ دار اور مدبرانہ طرز عمل۔”

انہوں نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس پر کسی قسم کی ندامت ظاہر نہیں کی۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت اپنی ان حرکتوں سے باز نہیں آتا، پاکستان کی طرف سے نہ کوئی امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے اور نہ ہی کوئی مذاکرات ممکن ہیں۔

آخر میں، انہوں نے پوری قوم اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کسی بھی جارحانہ یا بزدلانہ کارروائی کا جواب پہلے سے زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ تباہی لاتی ہے لیکن اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ کرنے والی قومیں ذلت کا سامنا کرتی ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس