پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ( پی اے اے)کے ترجمان نے ہفتے کے روز کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
یہ پیشرفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ ملک کے تمام ہوائی اڈے معمول کی پروازوں کے لیے دستیاب ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کریں۔
پاکستان کی فضائی حدود کی بحالی اس کے چند گھنٹے بعد ہوئی ہے جب اس کی بندش کو کل 11 مئی کو رات 12 بجے تک بڑھا دیا گیا تھا۔
اتھارٹی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے درمیان فضائی حدود کو پہلے بند کر دیا گیا تھا۔
فوجی ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح بھارت نے پاکستان کے اندر تین فضائی اڈوں پر میزائل داغے تاہم پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے تمام اثاثے محفوظ رہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ بھارت نے نور خان بیس (راولپنڈی) مرید بیس (چکوال) اور شورکوٹ ایئر بیس پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔
بعد ازاں پاکستان نے کئی بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص شروع کیا۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں، عالمی طاقتوں نے سفارتی کوششیں تیز کر دیں، جس کے نتیجے میں بالآخر باہمی اتفاق سے جنگ بندی ہوئی۔