ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے 26 انڈین فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین جارحیت کے خلاف پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، جن کی وجہ سے کامیابی ملی، وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دل اور حوصلے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں نے فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کیا۔ پاکستان کے نوجوانوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ نوجوان پاکستانیوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جنگ میں خوب کردار ادا کیا، مسلح افواج نے 6 انڈین دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، دو جگہوں پر انڈیا کے دفاعی ایس 400 نظام کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے انڈیا اور مقبوضہ کشمیر میں دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ مشکل فیصلوں پر وزیرِاعظم شہباز شریف اور کابینہ کے شکرگزار ہیں، پاک فوج نے پونچھ میں انڈین ریڈار اسٹیشن تباہ کیا۔
انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا انڈین میڈیا کے سامنے ڈٹا رہا ہے۔ مسلح افواج غیور پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں۔ ’ہم بلا تفریق تمام سیاسی جماعتوں کے قیادت کے ممنون ہیں جنھوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر، وطن کےدفاع میں متحد ہوکر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا بہترین مظاہرہ کیا۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ انڈیا پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہے، چھ اور سات مئی کے درمیان انڈین جارحیت میں بے گناہ شہری شہید ہوئے، مسلح افوج نے 26 انڈین دفاعی تنصیبات کو ہدف کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہماری خودمختاری پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بیاس اور نگروٹہ میں براہموس میزائلوں کے سٹوریج اسٹیشنوں کو تباہ کیا گیا۔
احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں گولے پھینکنے والی تمام انڈین پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا، پاک فوج نے انڈین مواصلاتی نظام کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے اپنی صلاحیتوں کا جزوی استعمال کیا، انڈیا کے جی ٹاپ میں 10 اور نوشیرہ میں 80 بریگیڈ کو تباہ کیاگیا، پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے والے انڈین ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔پاکستان نے فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو استعمال کیے۔
پاک فوج کے ترجمان نے انڈین دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی میڈیا نے بھی انڈین دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی۔انڈین میڈیا نے بھی پاکستان کے انڈین تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی۔ انڈین فوج نے بھی تصدیق کیا ہے کہ پاکستان نے ان کی دفاعی تنصیبات تباہ کیں۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ انڈین یا عالمی میڈیا میں کہیں بھی رپورٹ نہیں ہوا کہ پاکستان نے سول آبادی پر حملہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ کوئی انڈین پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے۔ انڈیا کی پائلٹ کے پاکستان کی حراست میں ہونے کی خبریں سوشل میڈیا پر ہی ہیں۔ سیز فائر کی درخواست پاکستان نے نہیں کی تھی بلکہ جنگ بندی کی خواہش کا اظہار انڈیا کی جانب سے کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے اپنے وعدے پر پاکستان کی افواج سختی سے عمل پیرا ہیں، ہم ایک پیشہ ور فوج ہیں اور اپنے وعدے پر پوری طرح عمل کرتے ہیں، مگر فریق اگر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرے گا تو ہم جواب دیں گے اور ہمارا جواب بھرپور ہو گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کی پوزیشن کلیئر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی انڈیا نے جارحیت کی، ہمارا ردعمل جامع، بھرپور اور فیصلہ کن ہوگا، انڈین حملوں میں انفرا اسٹرکچر اور ایک ائیرکرافٹ کو نقصان پہنچا، جس ائیرکرافٹ کو معمولی نقصان ہوا وہ جلد آپریشنل ہوجائے گا۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی وسیع ترٹیکنالوجی میں سےکچھ کا تحمل کے ساتھ استعمال کیا، اس طرح کی بے شمار ٹیکنالوجی کی صلاحیتیں مستقبل میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پران فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو آزادکشمیر میں معصوم شہریوں پر حملےکر رہے تھے۔ پاکستان نےانتہائی مہارت، تحمل اور درستگی سے جواب دیا، پاکستان پرحملہ کرنےوالی تمام جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایٹمی قوتیں ہیں اور ان کے درمیان ایٹمی جنگ محض حماقت ہو گی۔ پاکستانی افواج نے انڈیا کے خلاف جوابی کارروائی میں بھرپور سائبر حملے بھی کیے جس کے نتیجے میں انڈیا کی اہم مواصلاتی اور انفرسٹرکچر نظام کو مفلوج کیا گیا جنھیں انڈیا کی افواج استعمال کررہی تھیں۔
’پاکستان کی بحری فوج کو تیار دیکھ دشمن کی آگے بڑھنے کی ہمت نہیں ہوئی‘، وائس ایڈمرل رب نواز
پاکستان کی بحری فوج کے سربراہ وائس ایڈمرل رب نواز نے ڈی جی آیی ایس پی آر کے ہمراہ ہونے والی پریس بریفنگ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی بحری فوج کو دیکھ کر آگے بڑھنے کی انڈیا کی ہمت نہیں ہوئی، پاکستان نیوی نے تمام بندرگاہوں کو آپریشنل رکھا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پاکستان نیوی بھی انڈین جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار تھی۔

وائس ایڈمرل رب نواز نے کہا کہ پاکستان نیوی نے تمام بندرگاہوں کو آپریشنل رکھا، پاکستان کی سمندری حدود سے انڈیا کا جہاز 400 ناٹیکل میل دور تھا۔
انڈیا نے ڈرون سے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد
پریس بریفنگ میں ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا ہے کہ انڈیا نے ڈرون سے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، انڈین فضائیہ کی جارحیت پر اس کے طیارے مار گرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرونز سویلین کی جگہ آتے تھے تو اسے احتیاط سے گراتے تھے۔پاکستان کی فوج نے انڈین فوجی تنصیبات اور دہشت گردی کے تربیتی مراکز کو تباہ کیا اور اس دوران انڈیا کی فضائیہ کے مقابلے میں پاکستان کو چھ صفر سےکامیابی ملی۔

اورنگزیب احمد نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی کے پیچھے ایئر چیف کی ذہانت کارفرما ہے، ہمارے ریڈار انڈین فضائیہ کی ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ انڈین براہموس میزائل جام کیے تو ان کے نشانے خطا ہوئے، پاک فضائیہ نے اپنی بھرپور صلاحیتوں سے دشمن کو نشانہ بنایا۔