اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پیر کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی واپسی ہے، اس لیے سندھ حکومت آخری دن اچھے ماحول کو خراب نہ کرے اور معاملات کو خوش اسلوبی سے چلنے دے۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ مقررہ وقت اور مقام پر قانون کے مطابق جمہوری انداز میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ اپنے حقوق کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے بہت برداشت کیا ہے، آپ بھی ایک دن صبر کر لیں۔

بیرسٹر گوہر نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ خان کے نمائندے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مایوس نہ کریں۔

یاد رہے کہ کراچی کے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو باغ جناح میں آج جلسے کی اجازت دی ہے، تاہم اس کے باوجود پی ٹی آئی نے مزار قائد کے گیٹ پر جلسے کا اعلان کیا ہے۔

جلسے سے قبل مزار قائد اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پیپلز چورنگی سے مزار قائد آنے والی سڑک کا ایک ٹریک جبکہ خداداد کالونی سے آنے والی سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرومندر سے نمائش سگنل تک جانے والی سڑک بھی بند ہے۔