وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت ‘نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن’ کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے تعمیراتی مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ سنٹر کو جلد از جلد فعال کیا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ سنٹر ای سی ای کلاس رومز، جمنیزیم، سوئمنگ پول اور دیگر جدید ترین سہولیات پر مشتمل ہوگا، جو صوبے میں ابتدائی تعلیم کے شعبے میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں بچوں کی تخلیقی، ذہنی اور سماجی نشوونما کے لیے ایکٹیویٹی بیسڈ لرننگ کا جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔
رانا سکندر حیات نے اس بات کا انکشاف بھی کیا کہ آئندہ چند روز میں وزیر اعلیٰ پنجاب خود اس سنٹر کا افتتاح کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ سہولیات کے اعتبار سے ‘چھوٹے بچوں کا جم خانہ’ تصور کیا جائے گا، جہاں جدید تعلیمی ماحول بچوں کی ذہنی پختگی کی بنیاد رکھے گا۔
سنٹر کی تعمیراتی پیش رفت کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ طاس معاہدے سے چھیڑ چھاڑ جنگی اقدام تصور ہوگا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار