امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر نجی حج اسکیم کے بحران پر فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کو فوری طور پر سعودی عرب بھیجا جائے تاکہ مسئلے کا بروقت حل نکالا جا سکے۔
حافظ نعیم الرحمان نے خط میں زور دیا کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے براہِ راست رابطہ کریں تاکہ نجی حج اسکیم کے تحت درخواست گزار 67 ہزار پاکستانیوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم ہونے سے بچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: نریندر مودی کا بیان خطرناک، عالمی قوانین کی کھلی توہین ہے، پاکستان
انہوں نے نائیجیریا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں حجاج کا مسئلہ اعلیٰ سطحی رابطے سے حل ہوا، اس لیے پاکستان کے لیے بھی گنجائش نکل سکتی ہے اگر حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم ذاتی دلچسپی لے کر حجاج کی روانگی کو یقینی بنائیں اور حج کے حوالے سے انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔