وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ ہے کہ سبز پاسپورٹ کو عزت اپنا گھر ٹھیک کرنے سے ہی ملے گی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاسپورٹ سے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ سبز پاسپورٹ کو عزت گھر ٹھیک کرنے سے ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف پاسپورٹ کو رنگین اور دیدہ زیب بنانے سے بین الاقوامی وقار حاصل نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بدقسمتی سے پاسپورٹ سسٹم میں مسائل موجود ہیں اور ایسے افراد کو بھی پاسپورٹ جاری کیے گئے جو پاکستانی نہیں تھے۔ افغان شہریوں کو سب سے زیادہ پاکستانی پاسپورٹ جاری ہوئے۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی 2024 کے مقابلے میں 10 مئی 2025 کو پاسپورٹ کی عزت میں 100 گنا اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: دہشت گرد ریاست کے آگے نہیں ٹھہرسکتے، وزیراعلیٰ بلوچستان
انہوں نے نشاندہی کی کہ کچھ ناعاقبت اندیش عناصر بیرون ملک پاکستان مخالف قراردادیں منظور کروا کر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ تاہم حکومت اپنے اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور تمام سفارتخانوں کو واضح ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔