محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی غیر متوقع تبدیلیوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے مطابق کہیں گرج چمک، تو کہیں تیز ہوائیں اور بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں شدید گرمی اور خشک موسم رہے گا، تاہم شام اور رات کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے جہاں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ جنوبی اور وسطی علاقوں میں دن کے وقت شدید گرمی متوقع ہے جبکہ شام یا رات کے وقت چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، خیبر اور وزیرستان میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہو سکتی ہے۔
لازمی پڑھیں: انڈیا پاکستان کا پانی روکنے کی ہمت نہیں کر سکتا، ترجمان پاک فوج
اس کے علاوہ پنجاب میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے خصوصاً وسطی اور جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت بلند رہے گا۔
بعد از دوپہر ان علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں شام یا رات کے وقت آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔