امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان کی امن دوست پالیسیوں اور اس کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور رہنما اعلیٰ معیار کے حامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں انکشاف کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں امریکا کا اہم کردار رہا، اور یہ کہ دونوں ممالک کو کشیدگی سے نکال کر بات چیت کی راہ پر لانا ایک بڑی سفارتی کامیابی تھی۔ ان کا کہنا تھا، “ہم نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کرائی اور اب دونوں ملکوں سے تجارتی معاہدے کریں گے۔”
دوسری جانب دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ انڈیا نے اپنی واضح شکست دیکھ کر جنگ بندی کی اپیل کی، مگر بعد میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر تنقید شروع کر دی۔ ماہرین کے مطابق انڈیا نے جنگ بندی میں امریکی ثالثی کے کردار کو تسلیم کرنے سے ہمیشہ انکار کیا، لیکن اب صدر ٹرمپ نے کھلے الفاظ میں سچائی بیان کر کے بھارتی جھوٹے بیانیے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے یہ بیانات نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہیں بلکہ خطے میں امن قائم رکھنے کی پاکستانی کوششوں کا عالمی اعتراف بھی ہیں۔