Follw Us on:

غزہ میں روٹی اور بچوں کی خوراک کی محدود ترسیل، فلسطینیوں کا مزید امداد کا مطالبہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Gaza food
غزہ میں روٹی اور بچوں کی خوراک کی محدود ترسیل، فلسطینیوں کا مزید امداد کا مطالبہ( فوٹو:رائٹرز)

اسرائیل کی جانب سے سرحدی پابندیوں میں نرمی کے بعد جمعرات کو آٹے اور دیگر غذائی امداد کے کچھ ٹرک غزہ کے سب سے زیادہ متاثرہ باشندوں تک پہنچنے لگے۔ یہ امداد 11 ہفتوں سے جاری ناکہ بندی کے باعث پیدا ہونے والی شدید قلت کا ازالہ کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

عالمی خبر ارساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے عالمی دباؤ کے باعث منگل کے روز پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اس نے 100 ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے، جن میں طبی سامان اور بچوں کی خوراک موجود تھی۔

بدھ کی شب جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں لڑکے اور نوجوان ایک گاڑی کے گرد جمع تھے، جو سامان لے کر پہنچی تھی، لیکن وہ پیچھے ہی کھڑے رہے، جب کہ کچھ مسلح افراد نے بوریوں کو اتارتے وقت نگرانی کی۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ کے زخموں پر مرہم یا محض دکھاوا؟ اسرائیل کی اقوامِ متحدہ کو محدود امداد بھیجنے کی اجازت

واضح رہے کہ اسرائیل نے مارچ میں تمام سامان کی ترسیل بند کر دی تھی، اس کا دعویٰ تھا کہ حماس امدادی سامان کو اپنے جنگجوؤں کے لیے استعمال کر رہی ہے، حماس نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی 23 لاکھ آبادی کا ایک چوتھائی حصہ قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔

فلسطینی این جی اوز نیٹ ورک کے ڈائریکٹر امجد الشوا نے بتایا کہ کچھ بیکریوں کو آٹا فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ روٹی تیار کریں اور اس کی تقسیم آج سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف 90 ٹرک غزہ میں داخل ہو سکے، جبکہ جنگ بندی کے دوران روزانہ 600 ٹرک داخل ہوتے تھے۔ یہ مقدار سمندر میں بوند کے برابرہے جو کہ ناکافی ہے۔

الشوا نے بتایا کہ اقوام متحدہ کا عالمی ادارہ برائے خوراک ( ڈبلیو ایف پی )ان بیکریوں کی مدد کرے گا تاکہ روٹی تیار کی جا سکےاور پھر ایجنسی کا عملہ خود اس کی تقسیم کرے گا۔ یہ نظام پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم ہے جہاں بیکریاں عوام کو کم قیمت پر براہ راست روٹی فروخت کیا کرتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد ان خاندانوں تک پہنچنا ہے جو سب سے زیادہ محتاج اور بے سہارا ہیں۔

مزید پڑھیں:غزہ ’جہنم‘ بن گیا، اڑتالیس گھنٹوں میں 14 ہزار بچے مرنے کا خدشہ

بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے ایک ٹرک طبی سامان کا وصول کیا ہے تاکہ رفح میں موجود فیلڈ اسپتال کی ضروریات پوری کی جا سکیں، لیکن مزید امداد کی اشد ضرورت ہے۔

اسرائیل نے بارہا اپنے ان اقدامات کا دفاع کیا ہے جن کے تحت خوراک کی ترسیل پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں۔ اس کا کہنا ہے کہ غزہ میں خوراک وافر مقدار میں موجود ہے اور وہ قحط کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس