مقامی ہوٹل میں بنو قابل پروگرام کے تحت ڈیجیٹل پاکستان مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت انہیں مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ نوجوان مایوس ہو کر ملک چھوڑنے کے بجائے اپنی صلاحیتیں آئی ٹی کے شعبے میں استعمال کرکے اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بنو قابل پروگرام شروع کیا گیا تو اندازہ نہیں تھا کہ اسے اتنی پذیرائی ملے گی اور ایک لاکھ سے زائد نوجوان اس میں رجسٹریشن کرائیں گے۔ اب یہ پروگرام ملک کے مختلف حصوں تک پھیل چکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ہے اور بنو قابل میں ایسے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں جو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہیں۔ اگر نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں آگے لایا جائے اور انہیں اسپانسر کیا جائے تو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور معیشت کو استحکام مل سکتا ہے۔
سیشن کے دوران الخدمت نے بینکنگ، صحت، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی اور سروسز کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 10 اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے۔
معاہدوں کے تحت متعلقہ کمپنیاں بنو قابل کے طلبہ کو ملازمتوں، انٹرن شپ اور مینٹورشپ کے مواقع فراہم کریں گی، جب کہ پروگرام کی بہتری کے لیے ایڈوائزری بورڈ کی معاونت بھی کریں گی۔ اس کے بدلے الخدمت ان اداروں کو ان کی ضروریات کے مطابق تربیت یافتہ نوجوان فراہم کرے گی۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ بنو قابل پروگرام حافظ نعیم الرحمان کے اس وژن کے تحت شروع کیا گیا کہ نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر مفت آئی ٹی تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
ان کے مطابق پروگرام کے ذریعے نوجوان موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی مرمت، ایڈوانس ٹیلرنگ سمیت مختلف ہنر سیکھ رہے ہیں اور ان میں سے کئی اپنے روزگار کے ذریعے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں۔
سی ای او بنو قابل پاکستان شاہد اقبال نے پروگرام میں ملک بھر کے نوجوانوں کی شرکت اور اس کے معاشی اثرات پر بریفنگ دی۔ سیشن میں 50 سے زائد اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، جنہوں نے اسکل بیسڈ تعلیم کی ضرورت پر زور دیا اور بنو قابل سے تربیت پانے والے نوجوانوں کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعض اداروں کے نمائندوں نے پروگرام کے تحت شروع ہونے والے نئے اسٹارٹ اپس کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔







