جہاں ان کا ممکنہ مقابلہ موجودہ سینیٹر جان فیٹر مین سے ہوگا۔ لیکن آخر احمد مور کون ہیں اور وہ امریکی سیاست میں کیا تبدیلی لانا چاہتے ہیں؟

احمد مور42 سالہ مصنف اور کاروباری شخصیت ہیں۔ وہ غزہ کے شہر رفح میں پیدا ہوئے، تاہم بچپن میں ہی اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئے۔ 

 یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے گریجویشن اور ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کرنے کے بعد وہ مالیاتی شعبے سے وابستہ رہے، بعد میں صحافت کی طرف آئے اور لبنان اور مصر میں رپورٹنگ بھی کی۔ اس کے علاوہ وہ Jordan میں چھوٹے کاروباروں کو قرض فراہم کرنے والے ایک ادارے کے قیام میں بھی شامل رہے۔

اب وہ امریکی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے جان فیٹر مین کے خلاف 2028 کے انتخابات لڑنے والے پہلے ڈیموکریٹ امیدوار بن گئے ہیں۔ ان کی انتخابی مہم کا مرکزی نعرہ ہے: "Stop funding wars and start funding Pennsylvania" یعنی جنگوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے پنسلوانیا کے عوام کی ضروریات پر سرمایہ لگایا جائے۔

احمد مور کا کہنا ہے کہ امریکی شہریوں کے ٹیکس کا پیسہ بیرونِ ملک جنگوں اور فوجی امداد پر خرچ کرنے کے بجائے اپنے ملک کے عوام کی ضروریات پر لگنا چاہیے۔ اسی لیے وہ اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد ختم کرنے اور فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کی حمایت کر رہے ہیں۔

دوسری طرف جان فیٹر مین کا مؤقف اس سے بالکل مختلف ہے۔ وہ اسرائیل کی حمایت اور اس کے لیے امریکی فوجی امداد جاری رکھنے کے حامی رہے ہیں۔ ان کے اسی مؤقف پر ڈیموکریٹک پارٹی کے ترقی پسند حلقے تنقید کرتے آئے ہیں۔ یہی اختلاف اب پنسلوانیا کی انتخابی سیاست میں ایک اہم بحث بن سکتا ہے۔

لیکن ان کی انتخابی مہم کا دائرہ صرف اسرائیل اور غزہ تک محدود نہیں۔ وہ امریکی عوام کے روزمرہ مسائل کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کر رہے ہیں۔ ان میں صحت کی سہولتوں تک رسائی، بچوں کی نگہداشت، سستے گھروں کی فراہمی اور شہری آزادیوں کا تحفظ شامل ہے۔

 ابھی 2028 کے انتخابات میں وقت باقی ہے اور یہ بھی طے نہیں کہ فیٹر مین دوبارہ امیدوار بنیں گے یا نہیں۔ لیکن احمد مور کی اس مہم کے بعد اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد اور غزہ سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ 2028 کے انتخابات میں امریکی ووٹرز کی ترجیحات بدل سکتا ہے؟