چینی میڈیا کے مطابق چین کی کمرشل ایئر کرافٹ کارپوریشن نے ہفتے 14 نومبر 2026 کو مشرقی چین میں واقع ایک ٹیسٹ سائٹ سے طیارے کے پروٹوٹائپ کو اڑایا۔ کمپنی کے مطابق طیارے نے پرواز کے دوران معمول کے مطابق کام کیا اور کارکردگی کے تمام پیمانے توقعات پر پورا اترے۔
چائنہ ڈیلی اور سی جی ٹی این کے مطابق آزمائشی پرواز مجموعی طور پر 57 منٹ اور 46 سیکنڈ جاری رہی، جس میں 16 منٹ اور 38 سیکنڈ فضائی پرواز شامل تھی۔ اس دوران طیارے نے 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
اس پرواز میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر شامل تھے، جو پہلی مرتبہ اس نوعیت کے الیکٹرک طیارے میں عملے کی موجودگی میں پرواز کا تجربہ کر رہے تھے۔
کومیک اس سے قبل 2 فروری 2026 کو طیارے کی پہلی بغیر پائلٹ پرواز مکمل کرچکی تھی، جس کے بعد 19 خودکار بغیر پائلٹ پروازوں کی توثیق بھی کی گئی۔ ہفتے کے روز ہونے والی پرواز پہلی مرتبہ تھی جب اس طیارے نے انسانی عملے کے ساتھ اڑان بھری۔
پرواز کے دوران جاری کی گئی سرکاری تصاویر میں سرخ اور سیاہ رنگ کا پروٹوٹائپ دکھایا گیا، جس پر رجسٹریشن نمبر B-0EFH اور کومیک کے نشانات درج تھے۔
سی ای 25 اے کومیک کا پہلا کمرشل الیکٹرک طیارہ ہے۔ سی جی ٹی این کے مطابق اس کے نام میں ’سی‘ چین اور کومیک، ’ای‘ الیکٹرک، ’25‘ چین کے 25 ایئر قابلیت کے معیارات اور ’اے‘ سیریز کے پہلے طیارے کی نمائندگی کرتا ہے۔

سی ای 25 اے کو بنیادی طور پر مختلف شہروں کے درمیان کمرشل پروازوں کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس میں 19 مسافروں کی گنجائش موجود ہے۔
طیارے کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 10 ٹن، کروز کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ، پرواز کی بلندی 2 ہزار 400 میٹر اور پرواز کی حد 400 کلومیٹر ہے۔
اس طیارے میں بجلی سے چلنے والا ڈکٹڈ فین پروپلشن سسٹم استعمال کیا گیا ہے، جس کے پنکھے پروں پر نصب ہیں۔ یہ نظام طیارے کو برقی توانائی کے ذریعے پرواز کرنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ منصوبہ چین میں علاقائی اور کم بلندی پر پرواز کرنے والے جدید طیاروں کی تیاری کے وسیع تر پروگرام کا حصہ ہے۔ اسی سلسلے میں چین کا YH-1000S ہائبرڈ بغیر پائلٹ کارگو طیارہ بھی رواں سال کے آغاز میں اپنی پہلی پرواز مکمل کرچکا ہے۔
کومیک نے سی ای 25 اے کی تیاری میں متعدد اداروں کے ساتھ تعاون کیا، جن میں کانٹیمپریری ایمپریکس ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ ، شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت دار شامل ہیں۔
سی اے ٹی ایل چین کی بڑی بیٹری ساز کمپنی ہے، جو برقی طیاروں کے لیے بیٹری ٹیکنالوجی کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔
چین کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے سی ای 25 اے کے لیے کومیک کی ٹائپ سرٹیفکیٹ کی درخواست بھی قبول کرلی ہے۔ تجارتی سروس شروع کرنے سے پہلے کسی بھی طیارے کے لیے ٹائپ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے، جب کہ درخواست کی منظوری سے طیارے کی باضابطہ تکنیکی جانچ کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔
سی ای 25 اے کی پہلی انسان بردار پرواز چین کے الیکٹرک طیاروں کے منصوبے میں اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں بھی جدید شہری ہوا بازی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں ناسا کا خاموش سپرسونک طیارہ ایکس 59 بھی شامل ہے۔







