مانسہرہ سوئی گیس کے ایک حالیہ بل پر صارفین اس وقت حیران رہ گئے، جب بل پر میٹر کی ریڈنگ کی تصویر کی بجائے ایک کتے کی تصویر شائع کر دی گئی۔
واقعہ کچھ یوں ہے کہ جب میٹر ریڈر ریڈنگ نوٹ کرنے متعلقہ مقام پر پہنچا تو میٹر کے بالکل قریب ایک کتا بیٹھا ہوا تھا۔ ریڈر نے کتے کو ہٹانے کی کوشش کی مگر ناکام رہا، جس کے بعد اُس نے ثبوت کے طور پر کتے کے ساتھ میٹر کی تصویر بنا لی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محکمے نے یہ تصویر بغیر کسی ترمیم کے بل پر بطور “میٹر ریڈنگ” شائع کر دی۔
یہ بل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ایک صارف نے لکھا کہ اگر میٹر کی تصویر نہ ہوتی تو صارف نے ویسے بھی بل کی درستگی کے لیے دفتر جانا تھا، اب تو تصویر نہ ہونے کی وجہ بھی صاف نظر آ رہی ہے۔
دوسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ بیچارہ ڈر گیا ہوگا، میٹر کی تصویر نہ بنا سکا، لیکن ثبوت تو لا کر دے دیا کہ ریڈنگ کیوں نہیں لی گئی۔

ایک صارف نے پرانے لطیفے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ایک لطیفہ تھا ہماری دوسری یا تیسری جماعت کی کتاب میں کہ دروازے پر دستک ہوئی،اندر سے آواز آئی: ‘کون؟’جواب آیاکہ ‘دلیِر خان، والد کا نام بہادر خان، دادا کا نام شیر خان!’اندر سے پھر آواز آئی کہ ‘تو اندر کیوں نہیں آتے؟’جواب آیاکہ ‘جی، آپ کے دروازے پر کتا بیٹھا ہے!’بس کچھ ایسی ہی صورتحال یہاں بھی لگ رہی ہے۔”

ایک اور صارف نے حکام کی طرف سے کتے کی تصویر لگانے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ جس میٹر سے ریڈنگ کی جاتی ہے، اس میں ایک آپشن ہوتا ہے ‘Dog at Site’ جس کا مطلب ہے کہ ریڈر نے حفاظتی خدشات کے باعث ریڈنگ نہیں لی۔ کمپنی سب سے پہلے اپنے ملازم کی حفاظت کو ترجیح دیتی ہے۔ اگر کسی میٹر کے پاس کتا موجود ہو تو ریڈر کو اجازت ہوتی ہے کہ وہ کتے کی تصویر بنا کر بطور ثبوت جمع کروا دے کہ وہ ریڈنگ لینے آیا تھا لیکن حفاظتی وجہ سے ممکن نہ ہو سکا۔
