محکمہ موسمیات کےمطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی،موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق اتوار کو اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی،جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں سمیت خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 19 افراد کی موت ہو گئی تھی جبکہ 92 کے قریب لوگ زخمی بھی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:انڈیا میں مون سون بارشیں آٹھ دن پہلے پہنچ گئیں، 70 کھرب کی معیشت دباؤ کا شکار کیوں؟
اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور سمیت صوبے کے مختلف مقامات میں بھی اتوار کو آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کے علاوہ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع جن میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ سمیت کئی دیگر شہر شامل ہیں ایک بار پھر آندھی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اتوار کو آنے والی آندھی اور بارش سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے جن میں بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز شامل ہیں۔