پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری بحث میں آج تک کا ایک اہم سوال یہ ہے کہ کیا 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل ہے یا نہیں؟
28 مئی وہ دن ہے جب 1998 میں پاکستان نے انڈین دھماکوں کے جواب میں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کا ٹیسٹ کیا تھا۔ بلوچستان کے علاقے چاغی میں 12 ایٹمی دھماکے کر کے انڈیا کی جانب سے 11 ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا گیا تھا۔
اس دن کو اس وقت کی حکومت نے یوم تکبیر قرار دیتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کیا۔ بعد میں اس وقت کے آمر جنرل پرویز مشرف کی حکومت اور دیگر ادوار میں اس دن کو بہت زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ نتیجتاً سالانہ تعطیل کا سلسلہ بھی کبھی رہا کبھی منقطع ہوتا ہوگیا۔
گزشتہ برس حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر کے اس دن کو عام تعطیل قرار دیا گیا۔
رواں برس 2025 میں ایسا کوئی اعلان نہیں ہوا جس نے ابہام پیدا کیا تو بہت سے لوگ یہ سوال پوچھتے دکھائی دیے کہ یوم تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو عام تعطیل ہے یا نہیں؟

پاکستان میٹرز کے نامہ نگاروں کے مطابق اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، کراچی میٹرک اینڈ انٹر بورڈ، فیڈرل بورڈ کی جانب سے 28 تاریخ کو تعطیل کا باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن کیا جا چکا ہے۔
اصل سوال بھی وہیں ہے کہ کیا حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے؟
اس کا سادہ جواب یہ ہے کہ اس وقت تک کوئی نیا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا۔ مگر بات یہاں ختم نہیں ہوئی، اس لیے کہ 28 مئی کی تعطیل رواں برس اعلان کردہ سالانہ تعطیلات کے پلان میں پہلے سے ہی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: شام پر امریکی پابندیوں کا خاتمہ: فلسطینی مزاحمت کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا یا مشرقِ وسطیٰ میں نئی صف بندی کا پیش خیمہ؟
پاکستان میں عمومی روایت کے تحت اگر کوئی تعطیل پہلے سے سالانہ پروگرام میں شامل ہو تو اسے الگ سے نوٹیفائی نہیں کیا جاتا۔ مختلف ادارے اپنے طور پر اس کا اعلان کر دیتے ہیں۔ جس طرح اسٹیٹ بینک، تعلیمی بورڈز اور اسٹاک ایکسچینج سمیت دیگر نے کیا ہے۔

پاکستان میں سرکاری سطح پر اعلان کردہ سالانہ تعطیلات کا پروگرام حکومت کا شعبہ کیبنٹ ڈویژن نشر کرتا ہے۔ جس نے پہلے سے ہی اسے سالانہ تعطیلات میں شامل کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں رواں برس یوم تکبیر کو یوم ڈاکٹر عبدالقدیر کے طور پر بھی منایا جا رہا ہے۔