Follw Us on:

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی، بارش، 6 افراد جاں بحق

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Rainy day
مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے شدید جانی و مالی نقصان ہوا۔ (فوٹو: ڈان)

پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور طوفانی آندھیوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی ہواؤں نے درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو گرا دیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور بجلی کی فراہمی میں بھی خلل پیدا ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم اپنی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، صدر اور وزیراعظم کا یومِ تکبیر پر پیغام

پشاور میں بھی آندھی اور بارش کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، کئی گاڑیوں اور گھروں کے سولر پینلز کو نقصان پہنچا جبکہ اٹک میں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ ریکارڈ کیا گیا۔

مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے شدید جانی و مالی نقصان ہوا، جس میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، متعدد مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔

وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم آٹھ مقامات پر بند ہو چکی ہے جس نے آمد و رفت معطل کر دی ہے۔ دیامر اور بابوسر ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جبکہ چلاس میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب شاہراہ قراقرم دیامر اور لوئر کوہستان کے درمیان بند ہو گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں ژالہ باری اور طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔ پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی گرد کے طوفان اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

ملتان میں تیز ہواؤں سے ریلوے روڈ پر پول گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جبکہ پرانا شجاع آباد روڈ پر آندھی کی وجہ سے ایک مکان کی دیوار گرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ خراب موسم کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق جنوبی پنجاب کے علاقوں میں آئندہ 2 سے 5 گھنٹوں کے دوران گردآلود طوفان، گرج چمک اور بارش،ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

یہ موسمی سرگرمیاں خصوصاً ڈیرہ غازی خان، راجن پور، تونسہ، مظفر گڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، بہاول نگر اور ملحقہ علاقوں میں متوقع ہیں۔

اسی طرح، سندھ کے علاقوں خیرپور، سکھر، گھوٹکی، کشمور، حیدرآباد اور قرب و جوار میں آئندہ 1 سے 3 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس