وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب نے پاکستان کے پہلے حکومتی سطح پر بنائے گئے بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کیا ہے۔ بلال بن ثاقب کو حال ہی میں وزیر مملکت کے عہدے کے ساتھ بلاک چین اور کرپٹو کرنسی پر وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔ وہ ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں تاکہ پاکستان میں کرپٹو سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے یہ اعلان لاس ویگاس میں ہونے والی ایک بڑی کانفرنس “بٹ کوائن ویگاس 2025” میں کیا، جہاں امریکی نائب صدر، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔
بلال بن ثاقب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اب ماضی کی شناخت سے نہیں پہچانا جائے گا بلکہ ایک جدید ڈیجیٹل ملک کے طور پر ابھر رہا ہے، جس کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زیرو مائلج گاڑیوں کی فروخت پر کمپنی مالکان کی طلبی: کیا چین اپنی’آٹو پالیسی‘ بدل رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایک وزیر کے طور پر نہیں آئے بلکہ ایک ایسی نسل کی آواز بن کر آئے ہیں جو آن لائن ہے، بلاک چین پر موجود ہے اور رُکنے والی نہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان ایک قومی بٹ کوائن والِٹ قائم کر رہا ہے، جو ریاستی تحویل میں ہوگا اور اسے فروخت یا قیاس آرائی کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ ایک خودمختار ریزرو کے طور پر رکھا جائے گا جو ڈیجیٹل مالیات پر اعتماد کی علامت ہوگا۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں امن قائم کرنے کا کردار ادا کیا اور کرپٹو کرنسی کو فروغ دینے کی حمایت کی۔
بلال بن ثاقب نے بتایا کہ حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے دو ہزار میگاواٹ اضافی بجلی مختص کی ہے، تاکہ دنیا بھر کے ٹیکنالوجی کے ماہرین، سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پاکستان میں کام کرنے کے لیے سہولت دی جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت چالیس ملین سے زیادہ کرپٹو اکاؤٹ موجود ہیں اور یہ دنیا کی سب سے بڑی فری لانس معیشتوں میں سے ایک ہے۔

بلال بن ثاقب پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کی بھی قیادت کر رہے ہیں، جو ایک ایسا ادارہ ہوگا جو سرمایہ کاروں کو تحفظ دے گا، قانون سازی کرے گا اور کرپٹو فنانس کے شعبے کو باقاعدہ اصول بنائے گا۔ انہوں نے دنیا بھر کے کرپٹو بنانے والوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں، یہاں سرمایہ کاری کریں، ٹیکنالوجی متعارف کروائیں اور نوجوانوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بٹ کوائن دونوں کو دنیا میں منفی خبروں کے ذریعے بدنام کیا گیا ہے، لیکن حقیقت میں یہاں بے پناہ صلاحیت، ہمت اور وژن موجود ہے۔
Today,
— Pakistan Crypto Council (@cryptocouncilpk) May 29, 2025rewrites history.
At Bitcoin 2025 Vegas, Minister of Crypto and Blockchain @bilalbinsaqib announces that Pakistan will be setting up its Strategic Bitcoin Reserve. pic.twitter.com/1vNjryqimf
حکومت نے اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں دو ہزار میگاواٹ بجلی بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے مخصوص کی ہے، جس کا مقصد ملک میں نئی نوکریاں پیدا کرنا، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانا اور حکومت کے لیے اربوں ڈالر کی آمدن پیدا کرنا ہے۔ بلال بن ثاقب ان تمام منصوبوں کی نگرانی کریں گے، جن میں کرپٹو قوانین، بٹ کوائن کان کنی، اور بلاک چین کو سرکاری نظام میں شامل کرنا شامل ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ وزیرعظم نے کرپٹو کونسل بنائی ہے جس کے سربراہ وزیرخزانہ ہیں۔ ابھی کرپٹو کے متعلق ابتدائی بات چیت جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی میں کرپٹو پر ابھی تک پابندی برقرار ہے۔ جب حکومت کوئی فیصلہ کرے گی تب ہی ریگولیٹری فریم ورک ہوگا۔ لیگل سٹیٹس یہ ہے کہ کرپٹو پر ابھی بھی بین موجود ہے ابھی تک کرپٹو پاکستان میں لیگٹینڈر نہیں ہے۔