اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، یاسر سلطان کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جبکہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔
پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جبکہ دوسری کوشش میں ارشد ندیم کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی۔ ارشد ندیم نےچوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔
چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سری لنکا کے ہرانگا کی اب تک دوسری پوزیشن ہے، چین کےہو ہو ہران تیسری پوزیشن پر اور انڈیا کے یش ور سنگھ 82.23 میٹر تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ انڈیا ہی کے سچن یادیو اب تک چھٹی پوزیشن پر ہیں۔
ارشد ندیم جیولن تھرو کی فائنلز چارٹ پر تیسری تھرو کے بعد پہلی پوزیشن پر آگئے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی، ارشدندیم کی محنت،لگن اور شاندارکامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مستقبل میں آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے۔
صدر آصف زرداری نے ارشد ندیم کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا، پوری قوم کو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے، مستقبل میں بھی ارشد کی کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔
ارشد ندیم کی کامیابی پر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ایتھلیٹکس کے فاتح ارشد ندیم پرقوم فخرکرتی ہے، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ تھیں۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر خراج تحسین پیش کیا او رکہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام ایک بار پھر روشن کیا، پوری قوم کو اُن پر فخر ہے، سندھ حکومت ارشد جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے بھی ایشین ایتھلیٹکس میں کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم، آپ نے ایک بار پھر پوری قوم کا سر فخر سے بلندکردیا، ارشد ندیم کی جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔